بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چودھری پرویز الہٰی اور انکی اہلیہ کے کاغذات نامزدگی مسترد

راولپنڈی (نیوزڈیسک) الیکشن ٹریبونل نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی اور ان کی اہلیہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے۔

الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس چودھری عبدالعزیز نے پرویز الہٰی کی اپیل پر سماعت کی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے لاء افسر فلک شیر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لاء ذوالقرنین حیدر جبکہ پرویز الہٰی کی جانب سے سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے ریکارڈ عدالت میں پیش کر دیا جبکہ وکیل مرکزی صدر پی ٹی آئی سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ نے دلائل مکمل کر لئے۔

الیکشن ٹریبونل نے دلائل مکمل ہونے پر چودھری پرویز الہٰی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے این اے 59 اور پی پی 23 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے جنہیں ریٹرننگ افسر نے مسترد کر دیا، پرویز الہٰی نے آر او کے فیصلے کو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کیا تھا۔