بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سپریم کورٹ نے سیاستدانوں کے الیکشن لڑنے پر طویل عرصے تک پابندی کاراستہ روک دیا،قانونی ماہرین

اسلام آباد:قانونی ماہرین نے کہاہے کہ  تاحیا ت نااہلی سے متعلق سپریم کورٹ کے  فیصلے نے مستقبل میں ایسے اقدامات کا راستہ روک دیا ہے جن سے سیاستدانوں پر انتخابات میں حصہ لینے پر طویل عرصے تک پابندی لگائی جا سکے۔
’’ اردو نیوز ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر قانون دان سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سیاست دانوں کے سروں پر لٹکنے والی مستقل نااہلی کی تلوار ہٹ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے سے دستور کی غلط تشریح کو ختم کر کے درست تشریح کی ہے، جو اچھی بات ہے۔
سینیٹر کامران مرتضٰی کے مطابق اب کوئی سیاستدان ہمیشہ کے لیے نااہل نہیں ہو سکتا۔
سپریم کورٹ کے سینیئر وکیل اکرام چوہدری نے کا کہنا تھا کہ اب نواز شریف صرف ایک صورت میں الیکشن سے باہر رہ سکتے ہیں جو یہ ہے کہ نیب کسی اور مقدمے میں انہیں 10 سال کی سزا دلوا دے۔
انہوں نے کہا کہ اب الیکشن قوانین کے تحت تاحیات نااہلی نہیں ہو سکتی اور اگر مستقبل میں اس طرح کا کوئی معاملہ آتا ہے تو پارلیمنٹ کو اس بارے میں قانون سازی کرنا پڑے گی۔ انہوں نے کہاکہ اب مستقبل میں کسی تاحیات نااہلی کا فیصلہ پارلیمنٹ ہی اپنی قانون سازی کے ذریعے کرے گی۔