بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سپریم کورٹ کا فیصلہ انصاف پر مبنی ،الیکشن بارے کسی قسم کا شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے،مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہاہے کہ تاحیات نااہلی انصاف کے بنیادی اصولوں کے خلاف تھی ،سزا دینے کے پیچھے اصلاح کا تصور ہوتا ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ انصاف پر مبنی ہے، اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے   مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ باجوڑ واقعہ افسوسناک ہے ،طالبان کے کابل پر قبضہ کے بعد پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا، سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بہادری سے لڑ رہی ہیں، ماضی میں بھی سیکورٹی چیلنجز کے باوجود انتخابات ہوئے۔انہوں نے کہاکہ ہماری سیکورٹی فورسز ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی استعداد رکھتی ہیں، انتخابات 8 فروری 2024ءکو ہوں گے، اس میں کسی قسم کا شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ سینیٹ کے اجلاس میں رولز معطل کر کے انتخابات کے التواءکی قرارداد پیش کی گئی، قرارداد میں مسائل کی نشاندہی کی گئی، وہ مسائل موجود ہیں لیکن اتنے سنگین نہیں کہ انتخابات ملتوی کئے جائیں، آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت انتخابات کی تاریخ دینے یا تبدیل کرنے کا اختیار صرف الیکشن کمیشن کا ہے۔انہوں نے کہاکہ نگران حکومت کے پاس انتخابات ملتوی کرنے کا کوئی اختیار نہیں، سیاستدانون کو سیکورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، انتخابات پرامن بنانے کیلئے اقدامات کریں گے، سیکریٹری الیکشن کمیشن علیل ہیں، اس معاملہ پر سیاست نہیں کرنی چاہئے، ہماری دعا ہے کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن جلد صحت یاب ہو کر اپنی ذمہ داری نبھائیں۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے کام میں کوئی رکاوٹ نہیں، الیکشن ٹربیونلز نے پی ٹی آئی کے بہت سے رہنماؤں کو ریلیف دیا ہے، ٹربیونلز سے ریلیف ملنے سے قبل پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کے لئے 2620 کاغذات نامزدگی جمع کروائے، ان میں سے 1996 کاغذات نامزدگی منظور ہوئے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ صوبائی اسمبلیوں کیلئے پی ٹی آئی نے 1777 کاغذات نامزدگی جمع کروائے جن میں سے 1398 کاغذات نامزدگی منظور ہوئے، پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کی شرح 78.67 فیصد تھی، الیکشن ٹربیونلز سے ریلیف ملنے کے بعد اس میں مزید بہتری آئے گی۔انہوں نے کہاکہ لیول پلیئنگ فیلڈ لوگوں کی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش ہے،  ہر جماعت اور امیدوار اپنی استطاعت کے مطابق الیکشن لڑ رہا ہے، فیصلہ اس ووٹر نے کرنا ہے جس نے 8 فروری 2024ءکو ووٹ ڈالنا ہے۔مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ جولائی 2019ءمیں جب ایک اینکر پرسن نے سابق صدر آصف علی زرداری کا انٹرویو کیا، اس وقت آصف علی زرداری سزا یافتہ یا جیل میں نہیں تھے، سزا یافتہ ہونے سے کسی کے بنیادی حقوق ختم نہیں ہوتے، دی اکانومسٹ میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے مضمون کا موازنہ آصف علی زرداری کے انٹرویو سے نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہاکہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی آزاد شہری نہیں ہیں، وہ جیل میں ہیں، اس بات پر اعتراض نہیں کہ کوئی جیل سے کتاب یا مضمون لکھ نہیں سکتا، اعتراض یہ ہے کہ یہ آرٹیکل سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے لکھا ہی نہیں، ہماری معلومات کے مطابق جیل کے اندر سے کوئی چیز باہر نہیں گئی، دی اکانومسٹ میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا گھوسٹ آرٹیکل چھپا۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ گھوسٹ آرٹیکل اور انٹرویو میں فرق کرنا چاہئے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے ہمیشہ اپنے من پسند لوگوں کو ہی انٹرویو دیئے۔انہوں نے کہاکہ9 مئی کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، کئی لوگوں کے خلاف کیسز چل رہے ہیں، کابینہ نے 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے مجموعی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دی، کمیٹی کا مقصد ان واقعات کی تحقیقات کرنا، مستقبل کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنے کے لئے اپنی سفارشات مرتب کرنا ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ یہ جواز نہیں ہے کہ ہم کچھ نہ کریں،  قوم سے وعدہ ہے کہ جس حالت میں ہمیں ملک ملا ہے اس سے بہتر حالت میں اگلی منتخب حکومت کو دے کر جائیں گے، امید ہے ملک اس سال بہتر مستقبل کی طرف گامزن ہوگا۔