الیکشن ٹریبونل سندھ ہائیکورٹ میں شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دوسری درخواست بھی مسترد کردی گئی۔
گزشتہ روز سابق وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف حلقہ این اے 242 سے کاغذات نامزدگی کی منظوری پر اٹھائے گئے اعتراض کو ٹربیونل نے مسترد کردیا تھا اور شہبازشریف کو الیکشن کے لیے اہل قرار دیا تھا۔
دوران سماعت ٹریبونل نے ریمارکس دئے کہ درست معلومات کا تنازعہ الیکشن کے بعد بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
جسٹس ارشد حسین نے ریمارکس دئے کہ اگر کسی نے غلط معلومات دی ہیں تو الیکشن کے بعد بھی نااہل ہوسکتا ہے۔
درخواست گزار نے ٹریبونل کو بتایا کہ شہباز شریف نے این اے 242 کے کاغذات میں درست حلف نامہ نہیں لگایا۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ شہباز شریف نے بیان حلفی میں کاروبار سے متعلق غلط بیانی کی ہے، لہٰذا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم دے کر کاغذات مسترد کیے جائیں۔









