اسلام آباد(ممتازنیوز) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن آمد معمول کے رابطے کا حصہ ہے، میری چیف الیکشن کمشنر سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ نگران کابینہ کے پہلے اجلاس کے بعد سے مسلسل الیکشن کمیشن سے رابطے میں ہیں، الیکشن کمیشن سے روزانہ رابطہ ہوتا ہے، الیکشن کمیشن آمد معمول کے رابطے کا حصہ ہے، انتخابات 8 فروری 2024ءکو ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے خراب ترین حالات میں بھی الیکشن کرائے ہیں، موجودہ صورتحال 2008ءاور 2013ءسے بہت بہتر ہیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ سیکورٹی کی صورتحال اس میں مزید بہتری لائیں گے، الیکشن کی کوریج کے لئے فارن میڈیا کی پاکستان آنے کے حوالے سے معلومات وزارت خارجہ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان فراہم کریں گے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے اعلان کے بعد انتخابی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا، تمام جماعتیں اپنی انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کر رہی ہیں، 15 جنوری کو مسلم لیگ (ن) نے بھی جلسہ کا اعلان کیا ہے، انتخابی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ انٹرنیٹ کے حوالے سے ٹیکنیکل مسائل نگران حکومت سے پہلے بھی آتے رہے ہیں، حال ہی میں انٹرنیٹ کی خرابی کی وجہ تکنیکی تھی، اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے مزید تفصیلات پی ٹی اے سے معلوم کی جا سکتی ہیں، وزارت داخلہ کا قلمدان وزیراعظم کے پاس ہے، رولز آف بزنس کے تحت جب کوئی وزیر نہیں ہوتا تو متعلقہ وزارت وزیراعظم کے پاس ہوتی ہے ۔
الیکشن کمیشن آمد معمول کے رابطے کا حصہ، میری چیف الیکشن کمشنر سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ، مرتضیٰ سولنگی








