اسلام آباد(ممتازنیوز) معروف قانون دان سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کا اطلاق پورے ملک پر ہوتا ہے، تمام ہائیکورٹ ایک وفاقی عدالت کا درجہ رکھتی ہیں،آراوزاور ڈی آراوز تعیناتی کیس میں لاہورہائی کورٹ کے دائرہ اختیار سے متعلق سپریم کورٹ کے حکمنامے کی عبارت ماضی کے سینکڑوں فیصلوں سے مطابقت نہیں رکھتی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کا اطلاق پورے ملک پر ہوتا ہے، اس تناظر میں جب ان سے پوچھا گیا کہ آراوزاور ڈی آراوز سے متعلق لاہورہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کے حکمنامے کے پیراگراف چھ میں کہا گیا ہے کہ 2753 آراوز اور ڈی آراوزکو ہائی کورٹ کے حکم سے روک دیاگیا ہے، ایک قلم کے اشارے سے انتخابی عمل روک دیاگیا،سنگل جج کے فیصلے سے الیکشن کمیشن کا پورے ملک میں کام رک گیا، لاہور ہائی کورٹ نے آر اوز اور ڈی آراوز کو کام کرنے سے روکا اور لاہور ہائی کورٹ کے جج نے اپنے اختیار سماعت کی حدود سے تجاوز کیا تو سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ یہ ایک یکطرفہ قسم کی کارروائی تھی ،دوسری طرف سے کوئی پیش نہیں ہوا تھا،عدالت کے حکمنامے کی مذکورہ عبارت ماضی کے سینکڑوں فیصلوں سے مطابقت نہیں رکھتی۔کوئی ایس آراو ہو کوئی ریگولیٹری آرڈر ہوجو پورے ملک کے لئے ہے تو ہرہائی کورٹ اس سے متعلق حکم جاری کرتی ہے جس کا اطلاق پورے ملک میں ہوتا ہے، غلط تاثر بنایاگیا کہ ہائیکورٹ صرف صوبے تک محدود ہیں،اگر سپریم کورٹ میں اس معاملے پر مزید بحث ہوتی اور معاملہ آگے بڑھتا تو یہ کلیئر ہوسکتا تھا۔








