اسلام آباد(نیوزڈیسک)اسلام آباد کے سیکٹر ڈی 14 میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر ایک چینی شہری کو قتل کر دیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق 6 جنوری کو تھانہ گولڑہ کی حدود میں مسلح ڈاکو علی الصبح ہارون نامی چینی شہری کے گھر میں داخل ہوئے۔
دوران مزاحمت ڈاکوؤں نے ہارون پر فائرنگ کردی اور گولی ان کے پیٹ میں لگی، فائرنگ سے ان کی اہلیہ بھی زخمی ہوئیں۔
ہارون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج پمز ہسپتال اسلام آباد میں چل بسے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ’واقعے کی ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔‘ مقتول ہارون بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سے فارغ التحصیل تھے ۔
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ترجمان ناصر فرید نے میڈیاکو بتایا کہ مقتول چینی شہری 2019 میں یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہوئے تھے۔ انہوں اسلامک سٹیڈیز میں تعلیم حاصل کر رکھی تھی۔چینی شہری کی نمازِ جنازہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں ادا کردی گئی ۔
تعلیم کی غرض سے پاکستان آنے والے چینی شہری کی نماز جنازہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں ادا کی گئی۔
یونیورسٹی ترجمان کے مطابق ’جامعہ کی حدود میں سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر چینی شہری کی نماز جنازہ ادا کرنے کی اجازت دی گئی۔‘
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اسلامک یونیورسٹی میں قتل کا کوئی وقوعہ پیش نہیں آیا۔ہارون نامی شخص 6 جنوری کو ڈی 12 میں ایک وقوعہ میں زخمی ہوا تھا جو کہ جانبر نہ ہوسکا۔مقتول ہارون جو اسلامک یونیورسٹی کا سابقہ طالب علم تھا آج نماز جنازہ ادا کی گئی۔وقوعہ کے متعلق تھانہ گولڑہ میں مقدمہ درج ہے۔
اسلام آباد کی حدود میں ڈکیتی کی واردات، مزاحمت پر چینی شہری قتل








