ممبئی: بالی ووڈ اسٹار عامر خان کی دوسری اہلیہ کرن راؤ نے آئرا خان اور داماد نوپور شیکھرے کے ولیمے کی تقریب میں شرکت نہیں کی جس کی وجہ سامنے آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 13 جنوری کو ممبئی میں باندرہ کرلا کمپلیکس (BKC) کے مقام پر آئرا خان اور نوپور شیکھرے کے ولیمے کی تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں 2500 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی جن میں بالی ووڈ کی دُنیا کے نامور ستارے بھی شامل تھے۔
آئرا خان اور نوپور شیکھرے کے ولیمے میں عامر خان کی پہلی سابقہ اہلیہ رینہ دتہ، دونوں بیٹے جنید اور آزاد خان، بھانجا عمران خان، بھائی فیصل خان سمیت دیگر خاندان والوں نے بھی شرکت کی لیکن اس تقریب میں آئرا خان کی سوتیلی ماں کرن راؤ موجود نہیں تھیں۔
بھارتی میڈیا نے جب عامر خان سے کرن راؤ کی غیرموجودگی کے بارے میں پوچھا تو اداکار نے کہا کہ “کرن جی کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، وہ وائرل بخار میں مبتلا ہیں، اس وجہ سے ولیمے میں شریک نہیں ہوسکیں”۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئرا خان اور نوپور شیکھرے کے ولیمے میں شرکت کرنے والے مہمانوں نے بھارت کی 9 مختلف ریاستی پکوانوں کا مزہ لوٹا، تقریب کے پکوانوں میں گجراتی، لکھنوی اور مہاراشٹری کھانے شامل تھے۔
اس کے علاوہ عامر خان نے ولیمے کی تقریب میں موسیقی کی محفل کا بھی انتظام کیا تھا تاکہ تمام مہمان اس تقریب سے خوب لطف اندوز ہوسکیں۔
واضح رہے کہ آئرا خان اور اُن کے ہندو شوہر نوپور شیکھرے نے 3 جنوری کو ممبئی میں ایک تقریب کے دوران اپنی شادی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ پر دستخط کیے تھے۔
بھارت میں دو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی شادی کے لیے خصوصی رجسٹریشن کی جاتی ہے اس کے بعد جوڑے اپنی اپنی روایات کے مطابق شادیاں کرسکتے ہیں۔
آئرا خان اور نوپور شیکھرے کی شادی کی تقریبات کا آغاز 8 جنوری سے راجھستان کے شہر اودے پور میں ہوا تھا، 10 جنوری کو آئرا خان کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی تھی، اُنہوں نے اپنے اہلخانہ، قریبی دوستوں اور رشتہ داروں کی موجودگی میں اسلام کے بجائے مسیحی مذہب کے مطابق شادی کی تھی۔









