لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں اب الیکشن میں جانا ہوگا اس میں خیر نکلے گی، ہم اب انتخابی مہم میں جا چکے ہیں ۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں شہبازشریف نے کہا کہ اس وقت الیکشن کا التواء پاکستان اور جمہوریت کےلئے خطرناک ہوگا،الیکشن التواء کی کوشش ہوئی تو مزاحمت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ انتخابی امیدواروں کا نوازشریف نے خود انٹرویو کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت نوازشریف نے بتایا۔
قبل ازیں شہباز شریف نے عام انتخابات کے حوالے سے قوم کے نام جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ’8 فروری کو بزرگوں، بھائیوں، بہنوں، نوجوانوں، مزدوروں، ڈاکٹرز الغرض یہ کہ تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے عظیم پاکستانیوں کو اپنے ووٹ کی طاقت سے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’8 فروری کو عوام آئندہ پانچ سال کیلیے ملک و قوم کی قسمت کا فیصلہ اور خدمت کرنے کا موقع اپنی جماعت کو دیں گے، میں پاکستان کے چوبیس کروڑ لوگوں سے ملتمس ہوں کہ ووٹ آپ کا حق ہے جس کو بھی دیں ہم اس کا احترام کریں گے‘۔
شہبا شریف نے کہا کہ ’خدارا ملک آج جس معاشی اور معاشرتی و سیاسی مسائل کا شکار ہے اس کے پائیدار حل کیلئے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں، آج ملک دہشت گردی اور اندرونی خلفشار جیسے چلینجز کا شکار ہے، معاشرے میں زہر گھول دیاگیا ہے،نوجوان کو ایک ایسا پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے جس سے خدا نخواستہ وہ اپنی کتاب اور تعلیم اور پاکستان کو سنوارنےسے ہٹ جائیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’میری قوم سے اپیل ہے کہ وہ 8 فروری کواپنے پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالنے کا فیصلہ کریں اور ووٹ دیتے وقت اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ ماضی میں کس جماعت اور کس لیڈر نے ملک کی خدمت کیلیے اخلاص کے ساتھ کاوشیں کیں‘۔
الیکشن التواء کی کوشش ہوئی تو مزاحمت کریں گے ،شہبازشریف








