بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

افواہوں پر کان نہ دھریں، سیکیورٹی صورتحال قابو میں ہے، آئی جی اسلام آباد

آئی جی اسلام آباد پولیس اکبر ناصر خان نے کہا ہے کہ عوام افواہوں پر کان نہ دھریں، اسلام آباد میں سیکیورٹی اور امن عامہ کے حالات قابو میں ہیں۔

یہ بیان آئی جی اسلام آباد کی جانب سے ایسے وقت میں جاری ہوا ہے جب سیکیورٹی خدشات کی بنا پر وفاقی دارالحکومت کی 4 بڑی یونیورسٹیاں غیرمعینہ مدت تک کے لیے بند کردی گئی ہیں۔

اکبر ناصر خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ اسلام آباد کے اسکولز اور کالجز کے حوالے سے کچھ خبریں گردش کررہی ہیں، میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ اسلام آباد میں سیکیورٹی اور امن عامہ کے حالات قابو میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اس وقت غیرقانونی اجتماعات پر مکمل پابندی ہے، کچھ لوگ جو ایسے کسی اجتماع کی کوشش کرتے ہیں ہم انہیں مطلع کرتے رہتے ہیں کہ ملکی حالات کے پیش نظر یا کسی پیشگی اطلاع کی وجہ سے ایسا کرنا نقصان دہ ہوسکتا ہے، اس کے باوجود انہیں سکیورٹی فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی کی فراہمی دوطرفہ عمل ہے، اس میں آپ سب کا تعاون بھی شامل ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اِس وقت اسلام آباد میں حالات ایسے نہیں ہیں کہ آپ کسی بھی خوف کی وجہ سے اسکول، کالجز یا اپنے معلومات زندگی میں کوئی تبدیلی لائیں۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر آپ اپنے اردگرد کا خیال رکھیں گے اور پولیس سے رابطے میں رہیں اور پولیس ایس جانفشانی سے آپ کی خدمت کرتی رہے گی تو ایک محفوظ ماحول میسر رہے گا جس میں انتخابات کا انعقاد اچھے طریقے سے ہوسکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جونہی ہمیں ایسی کوئی اطلاعات ملیں گی جس میں ہمیں آپ کے زیادہ تعاون کی ضرورت ہوگی تو ہم آپ کے علم میں لاتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت اسلام آباد میں ایسی کوئی صورتحال نہیں ہے کہ جس سے معمولات زندگی متاثر ہوسکے، افواہوں پر کان نہ دھریں اور غیرضروری اقدامات سے گریز کریں۔