مری: مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سزا ور نااہلی کو قدرت کا جواب قرار دے دیا ۔
مری میں جلسے سے خطاب میں نواز شریف نے کہاکہ شدید سردی کے باوجود آپ لوگ یہاں موجود ہیں، مجھے مری سے بہت پیار ہے، یہ بڑا پیارا شہر ہے،مری میرا دوسرا گھر ہے، لاہور کے سواکہیں اتنا نہیں رہا، جتنا مری میں رہا،میں 1950 میں پیدا ہوا اور پہلی بار مری 1956 میں آیا، 1985 میں وزیراعلیٰ بنا تو سب سے پہلے پنڈی مری میٹل روڈ بنوایا، مجھے مری میں کہیں بھی لے جائیں میں آپ کو راستے بتا دوں گا ، بہت سالوں کے بعد مری کے عوام سے مخاطب ہوں، مجھے مری کے عوم سے دور کردیا گیا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ افسوس ہے، میرےجانے کے بعد اس ملک کو کیا ہوگیا، میں عوام کی خدمت کر رہا تھا، مزید کہا کہ میں نے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کی، بجلی سستی کی، عوام کے لیے موٹرویز بنائیں، سستی روٹی دی۔
لیگی قائد نے کہا کہ نوازشریف کو نکالنے والا تاحیات نااہل ہوچکا ہے اور نوازشریف عوام کے سامنے کھڑا ہے، جس نے مجھے نکالا تھا آج وہ خود استعفیٰ دے کر گھر چلا گیا، وہ شخص 8 ماہ بعد چیف جسٹس بننے والا تھا آج گھر جارہا ہے، مجھے تاحیات نااہل کیا گیا تھا لیکن میں آج آپ کے سامنے کھڑا ہوں،
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں روٹی، گھی اور پیٹرول سب کچھ سستا تھا تو پھر آپ نے مجھے کیوں نکالا، مجھے نکال دیا تو میری جگہ جس کو لائے وہ کہتا تھا ایک کروڑ نوکریاں دوں گا، کیا کسی کو نوکری ملی؟ وہ انڈے مرغی کہاں چلے گئے؟ بلین ٹری کا جھوٹ بولا گیا۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ کہتے ہیں یوتھ ان کے ساتھ ہے، یوتھ تو سارے یہاں میرے ساتھ ہے، مسلم لیگ (ن) پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرے گی،
نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج ججز خود استعفے دے کر گھر جا رہے ہیں، مجھے نکال دیا گیا اور میری جگہ اس کو لائے جس نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا، کیا نوکری ملی، ہاتھ کھڑا کرو، وہ کٹے بچے کہاں گئے؟ وہ مرغیاں، وہ انڈے کہاں چلے گئے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ انشا اللہ مسلم لیگ (ن) آپ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر پاکستان کی دوبارہ تعمیر کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مری میں ہسپتال بھی بننا چاہیے، دانش اسکول، یونیورسٹی کیمپس بھی ہونا چاہیے، ہم یہاں پر ایک موٹروے بھی بنائیں گے، مری کے چاروں طرف موٹروے آئے گی۔
نواز شریف نے کہا کہ آج یوم کشمیر ہے، ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
اس موقع پر سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ووٹ صرف کاغذ کا ٹکڑا نہیں ہوتا بلکہ ملک کے مستقبل کا فیصلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نےکبھی مری کے کسی جلسے میں اتنی خواتین نہیں دیکھیں ، مری والو پہلی بار برفباری میں اتنا بڑا جلسہ ہوتے دیکھا ہے، کل جب مری آئے تو برفباری ہورہی تھی، مجھے پتہ چلا آج صبح سے لوگ یہاں آکر بیٹھے ہوئے ہیں۔
مری پاکستان کا دل ہے اور نوازشریف کا بھی، اب مریم نواز کا بھی دل ہے، میں آپکی شکرگزار ہی نہیں مقروض بھی ہوگئی ہوں، مری پورے پاکستان کے سیاحوں کی میزبانی کرتا ہے، زبردست ترقی بھی مری کاحق ہے اور مل کر رہے گا، مری کی ترقی پر نوازشریف کا نام لکھا ہے، گزشتہ 5سالوں میں مری میں مختلف مافیاز کو لایا گیا، مری کے لوگوں نے مافیاز کو یہاں سےبھگانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مری والوں کی ساری مشکلات کو آسان کریں گے، جانتی ہوں مری میں گیس کا مسئلہ ہے،یہاں لکڑی جلانا پڑتی ہے، آپ نے نوازشریف کو موقع دیا تو مری کے گھر گھر میں گیس پہنچائیں گے، یہاں پہاڑوں پر گھر بنے ہوئے ہیں مریضوں کو مشکلات ہوتی ہیں، ہم علاج معالجے کی سہولیات گھروں تک پہنچائیں گے، ہم مری کو ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال دیں گے۔
مریم نواز نےمزید کہا کہ مری کے اندر کالج اور یونیورسٹی ہونی چاہیے تاکہ باہر نہ جانا پڑے، اللہ سب کو حادثا ت سے محفوظ کرے، گزشتہ حکومت میں لوگ یہاں موسم کی سختی کی وجہ سے مرتے رہے، بے حس حکمرانوں کے کان پر جون تک نہیں رینگی۔
ان کاکہنا تھا کہ نوازشریف نے کل کا جلسہ کینسل کیا اور بائی روڈ مری پہنچے ہیں، وقت کے حکمران کا فرض ہے اپنے عوام کی خدمت کرنا، اس الیکشن میں ان سے جواب مانگنا ہے کہ وہ کہاں تھے جب مری کے لوگ مررہے تھے۔
نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہاکہ نوازشریف آتا ہے تو مزدور کا چولہا جلتا ہے، 10سال کے بچے سے سوال پوچھا گیا تو اس نے کہا نوازشریف آتا ہے تو آٹا سستا ہوتا ہے، الیکشن دور نہیں 2روزباقی ہیں، شیر پر مہر لگاؤ اور پاکستان کو نوازدو، وعدہ ہےمری نے شیر کو منتخب کیا تو سب سے زیادہ یہاں ترقی ہوگی۔









