چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) وزارت داخلہ کو انٹرنیٹ سروسز کے حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ امید ہے انتخابات کا عمل بخیریت و عافیت مکمل ہوگا، گزشتہ روز بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات ہوئے، سیکیورٹی صورتحال کاجائزہ لینا وزارت داخلہ اور ایجنسیز کا کام ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن وزارت داخلہ کو انٹرنیٹ سروسز کے حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دے گا، اگر ہم کہیں کہ موبائل سروس کھول دیں اور دہشتگردی کا کوئی واقعہ ہوجائے تو کون ذمہ دار ہوگا؟
دوسری جانب انٹرنیٹ سروس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’نیٹ بلاکس‘ کے مطابق پاکستان کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔
نیٹ بلاکس کی جانب سے ’ایکس‘ پر پوسٹ میں کہا گیا کہ ملک ؐمیں عام انتخابات کے تناظر میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل ہے، شہریوں کی جانب سے شکایات موصول ہوئی ہیں کہ انہیں انٹرنیٹ سروس کی بندش کے مسائل کا سامنا ہے۔
⚠ Confirmed: Live network data show a disruption to mobile internet in #Pakistan with high impact to second-largest operator Zong, corroborating widespread user reports of outages; the incident comes as polls open on election day 📵 #PakistanElection2024 pic.twitter.com/XWIyU1BKvO
— NetBlocks (@netblocks) February 8, 2024
قبل ازیں ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر عام انتخابات کے موقع پر ملک بھر میں موبائل سروس کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ملک کے مختلف حصوں میں فی الوقت موبائل فون سروس متاثر ہے، موبائل نیٹ ورک بند ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔









