بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ووٹوں کے ذریعے جو آوازیں اٹھائی جائیں گی وہ ہماری جمہوریت کی مضبوطی کیلئے اہم ہیں، وزیر اعظم

 

اسلام آباد:  نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ووٹوں کے ذریعے جو آوازیں اٹھائی جائیں گی وہ ہماری جمہوریت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کریں گی اور اس کے لیے پاکستان کے عوام ہر طرح کی تعریف کے مستحق ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ’’ایکس‘‘ پر اپنے پیغام میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ میں عام انتخابات 2024ء کے کامیاب انعقاد پر قوم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان، عبوری صوبائی حکومتوں، مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، انتخابی عملے، میڈیا اور ان تمام اداروں اور افراد کی کاوشوں کو سراہتا ہوں جنہوں نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں کردار ادا کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ یادگار موقع نہ صرف ہمارے جمہوری عمل کی لچک اور طاقت کا ثبوت ہے بلکہ پاکستانی عوام کے ناقابل تسخیر جذبے کا بھی ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں پاکستان کے عوام کی شرکت اور جوش و خروش جمہوری عمل کی بنیاد رہا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ رائے دہندگان کی بڑی تعداد ہمارے ملک کے مستقبل کی تشکیل کے لئے عوامی عزم کا واضح اشارہ ہے۔