آزاد امیدوار بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ ہم وفاق اور خیبر پختونخوا میں حکومت بنائیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج جمہوری تاریخ کا اہم دن ہے، ہم آپ کے سامنے کچھ حقائق رکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر 8 فروری کی تاریخ الیکشن کے لیے طےہوئی، الیکشن پرامن ہوئے، لوگوں نے حق رائے دہی استعمال کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف نے یہی پیغام دیا ہے کہ ہمیں غلامی ناقابل قبول ہے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ پی ٹی آئی کو گزشتہ 2 سال سے مشکلات کاسامنا ہے، ہمیں لیویل پلیئنگ فیلڈ دینے کا کہا گیا تھا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کے تمام نتائج کا فوری اعلان کیا جائے، 12 بجے تک صرف 10 فیصد نتائج آئے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنی انتخابی ذمے داریوں کی انجام دہی میں پہلے بھی ناکام تھا، الیکشن کمیشن نے ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ کی یقین دہانی کرائی تھی، الیکشن کمیشن انتخابی نتائج کو بر وقت تیار کرنے میں ناکام رہا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہماری جیتی ہوئی نشستوں کو ہار میں تبدیل کیا گیا، ہمیں خیبر پختونخوا میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے۔
بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں 170 سیٹیں حاصل ہونے کا دعویٰ بھی کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہم پنجاب میں بھی اکثریت میں جارہے ہیں، میں قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، عوام نے غلامی کو نامنظور کیا ہے۔









