لاہور(نیوزڈیسک)سابق صدر آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن )کے صدر شہباز شریف کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ رات نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی جانب سے ثالثی کا کردار ادا کرنے پر ان کی رہائش گاہ پر شہباز شریف اور آصف علی زرداری کی ملاقات ہوئی، ملاقات سے قبل دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے الیکشن کمپین میں تنقید پر گلے شکوے کئے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے شکوہ کیا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ن لیگ پر بے جا تنقید کی جس پر سابق صدر آصف زداری نے کہا کہ وہ الیکشن کا حصہ تھا اس کو ختم کیا جائے۔
آصف زرداری نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب آپ بھی تو جلسوں میں پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے رہے ہیں، اب ہمیں حکومت سازی کے لیے معاملات کو طے کرنا چاہئے ،جمہوریت میں استحکام کے لئے مل کر فارمولا طے کرنا ہو گا ۔
شہباز شریف نے آصف زرداری سے ملاقات میں قائد ن لیگ نواز شریف کا پیغام پہنچایا، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں میں حکومت سازی پر تبادلہ خیال ہوا۔
ذرائع کے مطابق جماعتوں کا مل کر ساتھ چلنے اور حکومت سازی کے لیے رابطہ اور ملاقاتیں جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ اب ہمیں حکومت سازی کے لیے معاملات کو طے کرنا چاہیے، جمہوریت میں استحکام کے لیے مل کر فارمولا طے کرنا ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف سے ملاقات میں آصف زرداری نے کہا کہ ہم اپنی جماعت سےمشاورت کرتے ہیں اور آپ بھی کرلیں۔
ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا۔
مخلوط حکومت کیلئے جوڑ توڑ،آصف زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی








