بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

  مخصوص نشستوں کیلئے  پی ٹی آئی کا آزادارکان کو ضیا لیگ میں شامل کرنے پر غو ر

اسلام آباد(طارق محمودسمیر)مرکز اور پنجاب میں   مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے اپنے نومنتخب آزادارکان  کو مسلم لیگ ضیا میں شامل کرنے پر غورشروع کردیا۔ذرائع کے مطابق
اگرچہ وفاق میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ارکان کی وحدت المسلمین پاکستان میں شمولیت کا آپشن موجود ہے تاہم پارٹی قیادت میں مسلم لیگ (ضیا) کو اس لئے ترجیح دی جارہی ہے کیونکہ وفاق اور پنجاب دونوں میں اس جماعت کی نمائندگی موجود ہے،  تحریک انصاف کو سب سے زیادہ مسئلہ پنجاب میں ہی درپیش ہے  ، جہاں مسلم لیگ (ن) کا ق لیگ اور آئی پی پی سے اتحاد ہے اور پی ٹی آئی کے پاس مسلم لیگ(ضیا) کے سواکوآپشن نہیں ہے ۔علاوہ ازیں  مسلم لیگ(ضیا) کے سربراہ اعجاز الحق کے عمران خان سے اچھے مراسم ہیں بلکہ ایک وقت میں اعجازالحق کی طرف سے اپنی پارٹی کو تحریک انصاف میں ضم کرنے کی بھی اطلاعات سامنے آئی تھیں تاہم بعدازاں اس کی تردید کردی گئی ۔  واضح رہے کہ   مسلم لیگ(ضیا) کے سربراہ اعجاز الحق بہاولنگرسے کامیاب ہوئے انہوں نے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ شوکت بسرااور ن لیگ کے امیدوار تنویرالحسن کوشکست دی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ     اعجازالحق منگل کو بہاولنگر سےاسلام آباد پہنچیں گے اور ان کی پی ٹی آئی رہنماوں سے ملاقات متوقع ہے،خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کوجماعت اسلامی میں شمولیت میں مخصوص سیٹیں مل سکتی ہیں تاہم اس ضمن میں ابھی پارٹی کا کوئی لائحہ عمل سامنے نہیں آیا۔