کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کے سینیئر ڈپٹی کنوینئر مصطفیٰ کمال نے کہا ہےکہ آج میں دل سے بانی ایم کیو ایم کو معاف کرتا ہوں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے تحت یوم تشکر کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مصطفٰی کمال کا کہنا تھا کہ 8 سال پہلے میری قوم کے نام پر جو کچھ کیا جاتا تھا اس پر قوم کو جواب دینا پڑتا تھا، آج یہ وہی جناح گراؤنڈ ہے جہاں سے پاکستان اور پاکستانیوں کی بات ہو رہی ہے، یہاں سے جانے کے بعد انسان انسان کا دوست بنےگا، کسی کو مارنے کی بات نہیں ہوگی۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان طعنے دیتا تھا کہ یہ شہر اور مینڈیٹ ایم کیو ایم پاکستان کا نہیں، ایک ہیلو کی آواز آئےگی اور سب چھن جائےگا، کراچی والوں نے بتا دیا کہ کراچی کل بھی ایم کیو ایم پاکستان کا تھا اور آج بھی ایم کیو ایم پاکستان کا ہے۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ آج میں دل سے بانی ایم کیو ایم کو معاف کرتا ہوں، آج رب نے مجھے اور میری پارٹی کو فتح دے دی ہے، ایک دن آئےگا کہ پورا سندھ ایم کیو ایم کے جھنڈے تلے آئےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے شہر میں سات سو سے زائد نوجوانوں کو بازیاب کرایا، ان کا مقدمہ لڑا، میں نے اس قوم کی خاطر اپنی پارٹی ختم کی، میرپور خاص میں مجھ پر پتھراؤ کیا گیا اور ساتھیوں پر گولی چلائی گئیں۔








