پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت کی رہائش گاہ پر سیاسی قائدین کی بیٹھک آج لگ رہی ہے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی پہنچ گئے، شہباز شریف، آصف زرداری، علیم خان، ایم کیو ایم رہنماؤں کی شرکت بھی متوقع ہے۔
صادق سنجرانی نے چوہدری شجاعت کی رہائش گاہ پہنچنے کے بعد ان کی خیریت دریافت کی۔ سربراہ ق لیگ نے چیئرمین سینیٹ کو خوش آمدید کہا۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر مختلف پارٹیز کے عہدیداروں کو مدعو کیا گیا ہے اور ان کی آمد متوقع ہے۔
ق لیگ ذرائع کے مطابق دیگر پارٹیز کے رہنماؤں کی موجودگی میں مشترکہ اجلاس ہوگا، اجلاس کے بعد چوہدری سالک پریس کانفرنس کرینگے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، علیم خان اور جے یو آئی ایف اور ایم کیو ایم رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔
مشترکہ اجلاس کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں حکومت سازی اور اتحاد بنانے سے متعلق امور پر بات چیت ہوگی۔
شجاعت حسین کی رہائش گاہ آمد سے قبل صادق سنجرانی نے کہا تھا کہ الیکشن کے بعد تمام تمام پارٹیاں مل بیٹھ کر مشاورت کریں گی۔








