اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
جمعہ کی شام کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کور کمیٹی کے اجلاس کے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ’عمران خان کو جھوٹےمقدموں میں سزا دینے، بلّے کا نشان چھین لینے اور تحریک انصاف کو زبردستی انتخاب سے باہر رکھنے کی شرمناک کوششوں کے بعد الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے نو منتخب اراکینِ پارلیمان کو نہایت مضحکہ خیز تکنیکی بنیادوں پر ڈی سیٹ کرکے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی آخری سازش میں مصروف ہے۔
اعلامیے کے مطابق ’چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے مجرمانہ کردار پر تحریک انصاف کی نہیں، صفِ اوّل کی سیاسی جماعتیں آوازیں اٹھا رہی ہیں، ان کا کمیشن میں بیٹھنے کا مزید کوئی جواز نہیں، فی الفور مستعفیٰ ہوں۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے اپنے اعلامیے میں مزید کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان نے ’عوامی مینڈیٹ کی کھلی توہین‘ پر پوری قوم کو کل پُرامن احتجاج کی کال دی ہے۔اعلامیے میں کہاگیاکہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کل گھروں سے نکلیں اور دستور، جمہوریت اور عوام کے ووٹ کے حق کی کھلی بے حرمتی کیخلاف نہایت پرامن مگر مؤثر انداز میں صدائے احتجاج بلند کریں۔
پاکستان تحریک انصاف کا چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ








