اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے علاقے گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ میں شیشپر گلیشیئر جھیل سے ہونے والے پانی کے اخراج سے تباہی کا سلسلہ تاحال نہ تھم سکا۔
شیر آباد گاؤں میں ایک خاندان کے مکینوں کو گھر کی تعمیر کے بعد وہاں رہنا بھی نصیب نہ ہو سکا، جن کا مکان چھت ڈالنے کے 2 روز بعد ہی بہہ گیا اور مکین دوبارہ تعمیر ہونے والے گھر میں رہنے سے پہلے ہی بے دخل ہو گئے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ کے علاقے حسن آباد میں شیشپر گلیشیئر میں بننے والی جھیل سے پانی کے اخراج نے تباہی مچا دی تھی جس کے بعد حسن آباد میں پل گرنے کے بعد 22 گھروں کو خالی کرا لیا تھا۔
پُل گرنے کے نتیجے میں علی آباد شہر اور حسن آباد گاؤں میں زرعی اور پینے کے پانی کا نظام تباہ ہو گیا تھا اور 2 بجلی گھر بھی متاثر ہوئے تھے۔
بعد ازاں نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) کے چیئرمین اور ڈیزائن انجینئر گزشتہ روز حسن آباد میں گلیشیئر سے تباہ ہونے والے پل کی جگہ تعمیر ہونے والے عارضی پل کا دورہ بھی کیا تھا۔








