اسلام آباد (ممتازنیوز )پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہاہے کہ ذوالفقار علی بھٹو قانون کی سب سے بڑی عدالت سے بھی سرخرو ہوگئے اور عوام پر جابرانہ تسلط قائم کرنے والا آمر ایک بار تاریخ کے ایک اور سیاہ باب کا حصہ بن گیا۔
ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کی قربانی تاریخ کا ناقابل فراموش واقعہ ہے اور وہ ہماری موجودہ اور آئندہ نسلوں کے ساتھ ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ملک و قوم اور جمہوریت کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور تاریخ شاہد ہے کہ عوام کیلئے قربانی دینے والے تاریخ میں امر ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے سیاسی تدبر اور علمی فراست اس ملک کو ایک نئے عہد سے روشناس کرایا اور ملک میں جمہوریت کے قیام، متفقہ آئین سازی، ایٹمی طاقت کے حصول اور پاک چین دوستی کیلئے نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیادوں میں شہیدوں کا خون ہے اور یہ پارٹی اپنی روایات کے مطابق غریبوں، کسانوں اور محنت کشوں کیلئے انتھک جدوجہد کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم ذوالفقار علی بھٹو، اُن کے آئین اور اُن کی جمہوریت کے پیروکار ہیں۔
ذوالفقار علی بھٹو قانون کی سب سے بڑی عدالت سے سرخرو ہوئے، خورشیدشاہ








