بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نامزد مشیرخزانہ چوہدری اورنگزیب کاہالینڈ کی شہریت چھوڑنے کافیصلہ

اسلام آباد (طارق محمود سمیر ) معروف بینکر اور ماہر معیشت چوہدری محمد اورنگزیب جنہیں وزیراعظم شہبازشریف کا مشیر خزانہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے وہ اپنی غیر ملکی شہریت ترک کر کے 3 اپریل کو مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر پنجاب سے سینیٹر منتخب ہوجائیں گے جس کے بعد انہیں وفاقی خزانہ بنا دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق محمد اورنگزیب کے
پاس ہالینڈ کی شہریت ہے اور انہوں نے ہالینڈ کی شہریت چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس ضمن میں جلد ہی ضروری قانونی کارروائی مکمل کر لی جائے گی اور وہ باضابطہ طورپر ہالینڈ حکومت کو شہریت چھوڑنے سے متعلق آگاہ کر دیں گے ۔ چوہدری محمد اورنگزیب مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں نوازشریف کے دوسرے دور حکومت کے اٹارنی جنرل چوہدری محمد فاروق مرحوم کے بیٹے ہیں اور سپریم کورٹ کے سابق سینئر جج جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمن رمدے کے داماد ہیں اور میاں نوازشریف محمد اورنگزیب کو کئی سالوں سے ذاتی طور پر جانتے ہیں اور عالمی اداروں میں محمد اورنگزیب کو ماہر معیشت کے طور پر مانا جاتا ہے ۔ اسی لیے انہیں اسحاق ڈار کی بجائے وزارت خزانہ دی جارہی ہے۔ روزنامہ ممتاز کے رابطہ کرنے پر جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمن رمدے کے صاحبزادے ، پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر مصطفیٰ رمدے نے رابطہ کرنے پر اس بات کی تصدیق کی کہ محمد اورنگزیب ان کے انکل چوہدری محمد فاروق کے بیٹے ہیں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ہالینڈ کی شہریت چھوڑ رہے ہیں جس پر مصطفیٰ رمدے ایڈووکیٹ نے تصدیق کی کہ نئے مشیر خزانہ ہالینڈ کی شہریت چھوڑ رہے ہیں کیونکہ سینیٹر بننے کیلئے ایسا کرنا ضروری ہے ۔ واضح رہے کہ محمد اورنگزیب کے ایک اور انکل چوہدری اسد الرحمن نے 8فروری کا الیکشن ٹوبہ ٹیک سنگھ سے (ن) لیگ کے ٹکٹ پر لڑا تھا اور وہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ریاض فتیانہ سے الیکشن ہار گئے تھے۔