پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج بھی ہو رہا ہے، جس میں اپوزیشن سنی اتحاد نے احتجاج کرتے ہوئے شور شرابا کیا۔ اسمبلی اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کے ممبران ، اسپیکر ڈائس کے سامنے کھڑے ہوگئے اور اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرکے نعرے لگائے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ انتیس منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔
پنجاب اسمبلی میں ایک جانب خواتین ، اقلیتوں کی 24 نشستوں پر ن لیگی ارکین نے حلف اٹھا لیا، تو دوسری جانب اپوزیشن سنی اتحاد نے احتجاج کرتے ہوئے ایوان سر پر اٹھا لیا۔
پنجاب اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے ممبران اسپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کھڑے ہوگئے۔
ایوان کا ماحول خراب ہونے پر اسپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ معزز ممبران سے درخواست ہے اپنی بینچز پر جائیں، اپنے بینچز پر جائیں ، ڈائس کے سامنے سے چلے جائیں۔
اسپیکر نے کہا کہ اپوزیشن ممبران اپنی سائیڈ پر جا کر جو مرضی چاہے کریں۔
پنجاب اسمبلی میں جمعہ کےاجلاس میں سعدیہ مظفر ، فضاء میمونہ ، عابدہ بشیر ، مقصودن بی بی، عامرہ خان، صومیہ عطاء ، راحت افزاء، رخسانہ شفیق، تحسین فواد، فرزانہ عباس، شگفتہ فیصل ، عظمیٰ بٹ، نصرین ریاض، ماریہ طلال ، ساجدہ نوید، افشین حسن، آمنہ پروین، شہر بانو، زیبا غفور، روبینہ نذیر اور سیدہ سمیرہ احمد کو حلف اٹھانا تھا۔
اقلیتوں میں طارق مسیح ، وسیم انجم اور بسرو جی کو بھی حلف اٹھانا تھا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں مخلتف محکموں کی سالانہ کارگردگی کی رپورٹس ایوان میں پیش کی جائیں گی۔
ایوان میں فرانزک سائنس ایجنسی کی سالانہ 2016- 17 کی کارگردگی رپورٹ پیش کی جائے گی۔
پنجاب انفارمیشن کمیشن کی سالانہ 215 سے 2020 تک کارگردگی اور سوشل پروٹیکشن کی سالانہ 2017-17 کی رپورٹ بھی ایوان میں پیش کی جائے گی۔
پنجاب اسمبلی اجلاس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی اور جوڈیشل اکیڈمی کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔
پنجاب پبلک سروس کمیشن کی سالانہ کارگردگی رپورٹ اور پنجاب کمیشن کی خواتین سے متعلق کارگردگی بھی ایوان میں پیش کی جائے گی۔
پنجاب اسمبلی اجلاس سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں اسپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل احتجاج کرنا چاہتی ہے تو کرے ان کا حق ہے۔
انھوں نے کہا کہ جمعہ کی وجہ سے اجلاس جلدی بلایا گیا، ممبرز کی آسانی کیلئے اجلاس کا وقت تبدیل کیا گیا۔








