بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بلوچ خواتین کی جبری گمشدگی کے خلاف حق دو تحریک بلوچستان نےمکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دے دی

تربت(نیوز ڈیسک ) بلوچ عورتوں کی جبری گمشدگی کے خلاف حق دو تحریک نے کل سے ضلع کیچ سمیت پورے مکران میں غیر معینہ مدت کے لیے مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دے دی۔تربت سول، جماعت اسلامی اور نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی نے ہڑتال کی حمایت کرکے تاجر برادری اور عوام سے تعاون کا مطالبہ کیا۔ہوشاپ سے نورجان بلوچ کی جبری گمشدگی کے بعد سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتاری اور کراچی سے بلوچ شاعرہ حبیبہ پیرجان کی جبری گمشدگی کے خلاف حق دو تحریک بلوچستان نے کل بروز ہفتہ سے ضلع کیچ سمیت پورے مکران میں غیر معینہ مدت کے لیے مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دیتے ہوئے تاجر برادری، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی سے تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔ حق دو تحریک کے ترجمان نے تاجر برادری سے کل سے دکانیں اور مارکیٹس بند کرکے تعاون کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اس کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے کیونکہ ریاستی اداروں کا رویہ روز بروز شدت اختیار کرتا جارہا ہے، بلوچ نوجوانوں کی جبری گمشدگی سے لے کر مسخ شدہ لاشیں ملنے تک ہماری خاموشی شامل ہے اس سے شہہ پاکر اب بلوچ ننگ و ناموس اور غیرت و حمیت پر براہ راست ادارے حملہ آور ہوگئے ہیں اگر اس بدترین جبر پر بھی بلوچ عوام خاموش رہے تو ہماری قومی شناخت مٹ جائے گی۔ترجمان نے کہا کہ دکان دار اور تاجر برادری بلوچ عورتوں کی رہائی اور بازیابی تک شٹرڈاؤن ہڑتال پر عملدرآمد یقینی بنائیں کیوں کہ حق دو تحریک ہر حال میں ہی ریاستی جبر کے خلاف شٹرڈاؤن ہڑتال کامیاب بنانے کے لیے پوری کوشش کرے گی۔دریں اثناء تربت سول سوسائٹی، نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی، جماعت اسلامی اور مرکزی جمعیت اہل حدیث کیچ نے عورتوں کی جبری گمشدگی کے خلاف حق دو تحریک کی غیر معینہ مدت کے لیے شٹرڈاؤن ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔