بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ذوالفقارعلی بھٹوکی برسی پر  بلاول کی تمام سیاستدانوں کو میثاق مفاہمت کی تجویز

گڑھی خدا بخش: پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پارٹی سب کے ساتھ مل کر کام کرے گی، تمام سیاستدانوں کو میثاق مفاہمت کی تجویز دیتے ہیں۔

ذوالفقار علی بھٹو کی 45ویں برسی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاال بھٹو نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے کسانوں کو زمینوں کا مالک بنایا، ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، ذوالفقار بھٹو آج بھی زندہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو آج بھی قبر سے حکومت بناتے ہیں، بھٹو کے جیالوں کی محنت سے دو صوبوں میں ہماری حکومت ہے، جیالوں کی محنت سے آصف زرداری پھر صدر منتخب ہوئے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اپنے پچھلے دور میں ہم نے صوبوں کو حق دیا، ذوالفقار بھٹو ریفرنس میں ہمیں تاریخی کامیابی ملی، یہ کامیابی تمام کارکنان کی کامیابی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری نے ملک میں مفاہمت کی سیاست متعارف کروائی، کچھ سیاستدان ذاتی انا کیلئے ملک کی قسمت سے کھیلنا چاہتے ہیں، کچھ سیاستدان دھاندلی کا ڈھول بجارہے ہیں، کچھ سیاستدان ملک میں سیاسی عدم استحکام چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی نو ستارہ بنی اور مہم چلائی گئی، یہ نو ستارہ بھٹو کی حکومت ختم کرنا چاہتے تھے، ان کی تحریک کی وجہ سے ملک میں آمریت آئی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ گالم گلوچ کی سیاست سے جمہوریت کو نقصان ہوگا اور جمہوریت کا نقصان عوام کا نقصان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں سے کہتا ہوں ہوش کے ناخن لیں اور سیاست کے دائرے میں رہ کر سیاست کریں گے، ہمیں لڑائی جھگڑے کے بجائے میز پر بیٹھنا چاہئے، بات چیت کے ذریعے ہمیں بہتری لانی چاہئے۔

چئیرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، ہم اپنے صوبوں کے عوام کو ہر ممکن ریلیف دلوائیں گے، ہم وفاقی سطح پر بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، ہم عوام کو معاشی بحران سے نکالنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سب کے ساتھ مل کر کام کرے گی، تمام سیاستدانوں کو میثاق مفاہمت کی تجویز دیتے ہیں، چارٹر آف ڈیموکریسی پر بھی 10 فیصد عملدرآمد باقی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں جو بھی عدالت کا دروازہ بجائے اس کوانصاف ملے، ہم پاکستانی عوام کو معاشی ریلیف دینا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بی بی (بینظیر بھٹو) کا فرض پورا کردیا ہے، کچھ دوست سمجھتے تھے میں پارٹی نہیں چلاسکوں گا، لیکن بی بی شہید کو معلوم تھا کہ میں پارٹی سنبھال لوں گا۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ پیپلز پارٹی کیلئے ہزاروں جیالوں نے قربانی دی ہے، ہم نےعوام کی طاقت سے جیالوں کو حق دلوایا، میں ایک بار پھر عوام کی طاقت سے صدر منتخب ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان غریب ملک نہیں ہے، اللہ نے ہمیں ہر دولت دی ہے، ہم غریب صرف اسلام آباد میں بیٹھے بابوؤں کی سوچ کی وجہ سے ہیں، ہم آپس میں بیٹھ کر سوچیں تو کیا ہے جو ہمارے پاس نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھانا ہوتاہے، میں ہر قدم ملک کے مفاد کو مدنظررکھ کر اٹھاتا ہوں۔