خیبرپختونخوا میں بارش سے متعلق حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور 12 دیگر زخمی ہو گئے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں ایک خاتون، 4 بچے اور 3 مرد شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دیواریں اور چھتیں گرنے سے 15گھر مکمل تباہ ہو گئے جبکہ 70 کو جزوی نقصان پہنچا۔
بارش سے متعلقہ حادثات اپر و لوئر دیر، چترال لوئر، ملاکنڈ، سوات، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، شانگلہ اور مالاکنڈ میں ہوئے۔
دریں اثناء وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع کے متاثرین میں امدادی سامان فراہم کر دیا گیا اور لوئر چترال کے متاثرین کے لئے اتھارٹی کے ویئر ہاوس سے 200 خیمے روانہ کیے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ چترال میں کئی بند شاہراہوں کو عام ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، اور دیگر بند سٹرکوں کو فوری ٹریفک کے لیے بحال کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہیں۔ْ
اتھارٹی کے مطابق وہ ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اور امدادی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے.
پی ڈی ایم اے نے یہ بھی کہا کہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، اور عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں.
دریاوں کی بہاؤ کی صورتحال
دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 98،600 کیوسک ہے، جسے درمیانے درجے کا سیلاب قرار دیا گیا، اسی طرح ورسک کے مقام پر پانی کا بہاؤ 41،832 کیوسک جبکہ نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
دریائے سندھ، اٹک اور خیر آباد میں پانی کا بہاؤ 1،32500 کیوسک، خوازہ خیلہ پر دریائے سوات کے مقام پر 30،184 کیوسک، نچلی سطح کا سیلاب، چکدرہ میں دریائے سوات کے مقام پر 27،721کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
منڈا پر دریائے سوات 80،000 کیوسک، اونچی سطح کا سیلاب کاریکارڈ اور دریائے پنجکورہ، زلم پل لوئر دیر پر42،247 کیوسک، درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔







