اسلام آباد(ممتازنیوز) پیپلز پارٹی کی نو منتخب رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے حلف اٹھا لیا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ان سے حلف لیا۔واضح رہے کہ آصفہ بھٹو زرداری قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 سے بلا مقابلہ کامیاب ہوئی تھیں۔آصف علی زرداری کے صدرمملکت منتخب ہونے پر خالی کی گئی اس نشست پر آصفہ بھٹو زرداری کوپیپلزپارٹی کی جانب سے نامزد کیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق آصفہ بھٹو سمیت 11 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔ 7 آزاد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سردار شیر محمد رند نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل نہیں کی سردار شیر محمد رند عام انتخابات میں آصف علی زرداری کے مقابلے میں دوسرے نمبر پر تھے۔ باقی 3 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لیے جانے کے بعد اب این اے 207 پر آصفہ بھٹو زرداری بلا مقابلہ کامیاب قرار پائی ہیں۔ آصفہ بھٹو زرداری صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی صاحبزادی ہیں۔







