اسلام آباد(ممتازنیوز)وزیراطلاعات عطااللہ تارڑنے کہاہے کہ سعودی عرب پاکستان میں زراعت،انفارمیشن ٹیکنالوجی،معدنیات اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا،سعودی وفدکے دورے کے دوران سرمایہ کاری سے متعلق تجاویزکوحتمی شکل دی جائے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطااللہ تارڑنے کہاکہ سعودی عرب کے وفدکادورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے ار دورہ ملک کی بین الاقوامی ساکھ کی بحالی کاعکاس ہے،سعودی وفد وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ سعودی عرب کے چنددنوں بعد دورے پر پہنچاہے ،وزیراعظم کی سعودی ولی عہدسے بہت مفیدملاقات ہوئی تھی جس میں ولی عہدنے پاکستان میں سرمایہ کاری کاعندیہ تھاجس کے تناظر میں اتنی جلدی سعودی وفد کا پاکستان آنایقیناًخوش آئندامرہے،ا نہوں نے کہاکہ سعودی عرب پاکستان میں زراعت،انفارمیشن ٹیکنالوجی،معدنیات اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا، سعودی وفدکل پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور باہمی امورپر تبادلہ خیال کرے گااورسرمایہ کاری کی تجاویزکوحتمی شکل دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ سعودی سرمایہ کاری سے پاکستانی معیشت کااستحکام ملے گااور معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں سننے کو ملیں گی۔انہوں نے کہاکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا بھی دورہ سعودی عرب ہوااور ان کی بھی سرمایہ کاری راغب کرنے میں بہت کاوشیں ہیں۔







