اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے میں پیش رفت سامنے آئی ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر ہائی کورٹ کے تمام ججز سے تجاویز مانگ لیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے آفس کی جانب سے تمام ججز سے پیر تک تجاویز طلب کی گئی ہیں۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ اور ویسٹ اسلام آباد سے بھی تجاویز مانگی گئی ہیں۔
ججز کو سپریم کورٹ کے حکم نامہ کی کاپی بھی بھجوائی گئی ہے، ججز کی تجاویز کے بعد فل کورٹ بلانے سے متعلق فیصلہ ہوگا۔
یاد رہے کہ 26 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز نے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھا تھا جس میں عدلیہ میں خفیہ اداروں کی مداخلت کا الزام عائد کیا تھا، ججز نے اس معاملے پر سپریم جوڈیشل کونسل سے رہنمائی مانگی تھی۔
اس معاملے پر پہلے وزیراعظم نے چیف جسٹس کی مشاورت سے انکوائری کمیشن بنایا لیکن بعد میں چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لے کر کیس سماعت کےلیے مقرر کردیا تھا۔
سپریم کورٹ نے ہائی کورٹس ججز کے خط کے معاملے پر تجاویز طلب کی تھیں۔








