نئی دہلی (رپورٹ ،راشد عباسی )بھارتی فوج کے ایک اہلکار کو پاکستان کےلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں اعلیٰ انٹیلی جنس اہلکار کے حوالے سے بتایا گیا کہ پردیپ کمار جودھ پور میں بطور گنر تعینات تھا جو پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسی کی خاتون ایجنٹ کے ساتھ رابطے میں تھا اور اس نے اہم خفیہ اور سٹریٹجک معلومات پاکستانی خاتون کو فراہم کیں ۔بھارتی انٹیلی جنس کے اہلکار کے مطابق پردیپ کمار کی سرگرمیوں کی کئی دنوں تک نگرانی کی گئی جس کے بعد اسے حراست میں لیا گیا ۔انٹیلی جنس اہلکار کے مطابق پردیپ کمار نے فیس بک اور واٹس ایپ کے ذریعے فوج سے متعلق معلومات پاکستانی ایجنٹ کو فراہم کیں ۔ 18مئی کو پردیپ کمار سے پوچھ گچھ کی گئی جس کے بعد باقاعدہ طور حراست میں لے لیا گیا۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھارتی فضائیہ کے اہلکار کو بھی پاکستان کےلئے جاسوسی کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔
بھارتی فوجی اہلکار پاکستان کےلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار
