بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مسلم لیگ (ن) کی پالیسیاں عوام کے دلوں میں گھر کر چکی ہیں ، عطاءاللہ تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہاہے کہ ضمنی انتخابات کے نتائج سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر بھرپور عوامی اعتماد کا اظہار ہیں۔
ضمنی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے انہیوں کہاکہ ثابت ہو گیا کہ مسلم لیگ (ن) کی پالیسیاں عوام کے دلوں میں گھر کر چکی ہیں ،  وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک میں معاشی اصلاحات سے عوام میں امید کی کرن پیدا ہوئی ہے، آج معیشت کے حوالے سے مثبت خبریں آ رہی ہیں، حکومت نے مہنگائی میں کمی، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، معیشت کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھائے۔
وزیراطلاعات نے کہاکہ حکومت نے سنجیدگی کے ساتھ معاشی مسائل کے حل کے ذریعے جن پالیسیوں اور عملی اقدامات کا آغاز کیا، ان پر آج عوام نے اعتماد کا اظہار کیا ہے، آج تحریک انصاف کا ووٹر مایوسی کا شکار ہے، ان کے لیڈر کے جیل سے متضاد اور جھوٹ پر مبنی بیانات آ رہے ہیں، عوام نے پی ٹی آئی کے جھوٹے بیانیہ کو آج مسترد کر دیا ہے انہوں نے جیل میں بیٹھ کر ملک اور ملک کے دفاعی اداروں کے خلاف سازشیں کیں۔
وزیراطلاعات نے کہاکہ  بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کی، انہوں نے دوست ممالک کے خلاف بیانات دیئے، ریاست مخالف بیانیہ بنانے کی کوشش کی، آج سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نفرت، انتشار اور منافقت کی سیاست کو عوام نے رد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کے کام سب کو نظر آ رہے ہیں،  ضمنی انتخابات کی ہر نشست پر مسلم لیگ (ن) کی واضح برتری وفاق اور پنجاب کے اندر مسلم لیگ (ن) کی کامیاب پالیسیوں کا نتیجہ ہے، انشاءاللہ ملکی حالات بہتر ہوں گے، عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم اس پر پورا اتریں گے۔
انہوں نے کہاکہ ملک کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلوائیں گے، معاشی مسائل حل کر کے عوام کو ریلیف دیں گے،  مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ آج انہوں نے حق اور سچ کا ساتھ دیا، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ آج جھوٹ کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے، مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں