اسلام آباد(صغیر چوہدری ایڈیٹررپورٹنگ اینڈانوسٹیگن)
پاکستان میں بے روزگار پی ۔ایچ ۔ ڈی ڈاکٹرز کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئی اور ہر سال ڈاکٹریٹ کی اعلی ڈگری کے حامل سکالرز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ ناقص پالیسیوں کے ساتھ ساتھ مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو بھی پی ایچ ڈی ڈاکٹرز کی ملازمت میں رکاوٹ کی بڑی وجہ تصور کیا جاتا ہے۔ روزنامہ ممتاز کی تحقیقات کے مطابق پاکستان میں ہرسال تقریبا 1400 طلبا پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرتے ہیں لیکن اتنی بڑی تعداد میں پی ایچ ڈی ڈاکٹرز کو ملازمت کے یکساں مواقع میسر نہیں آتے ۔ عالمی سطح پر پی ایچ ڈی (ڈاکٹر آف فلاسفی) یا،ڈاکٹریٹ کی ڈگری کو بہت عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور یہ ایک ریسرچ بیسڈ ڈگری ہے اور عمومی طور پر سائنسی تحقیق کرنے کے لئے اسے ایک باضابطہ سند سمجھا جاتا ہے اور اس ڈگری کے حامل سکالرز میں ناصرف تحقیق کرنے کی صلاحیت پیدا ہوجاتی ہے جسے مکمل کرنے کے لئے عمومی طور پر 5 سال لگ جاتے ہیں جسے مکمل کرنے کے بعد سکالرز کو اپنے اپنے شعبے سے متعلق نئے علم کی تخلیق اور تشریح کرنی ہوتی ہے ۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں ایک پی ایچ ڈی ڈاکٹر پر آنے والے اخراجات 30 سے 40 لاکھ ہیں جبکہ بیرون ممالک فی سکالر دو سے ڈھائی کروڑ میں پڑتا ہے جنہیں ایچ ای سی کے ذریعے فنڈنگ ہوتی ہے ذرائع کے مطابق بدقسمتی سے پی ایچ ڈی مکمل کرنے والے 50 فیصد سے بھی کم سکالرز بمشکل ہی وطن واپس آتے ہیں جبکہ اکثریت بیرون ملک ہی ترجیح دیتے ہیں جسکی بنیادی وجہ پاکستان میں انکے لئے ملازمت کے مواقع میسر نہیں اور ناقص پالیساں بھی اسکی ایک اہم وجہ تصور ہوتی ہیں ایک سروے کے مطابق گذشتہ چار سالوں میں پی ایچ ڈی ڈاکٹرز کی بیرون ممالک ملازمت اور دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے ۔ جو بہت ہی تشویش ناک صورت حال ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز سکالرز کی ملازمت میں حائل ہوتے ہیں اور اس طرح یہ ڈاکٹرز مایوس ہوکر بیرون ملک جانے کو ترجیح دیتے ہیں لیکن جو باہر نہیں جاتے انہیں بے روزگاری کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں تعلیم اور تحقیق کا معیار روز بروز گرتا جارہا ہے
پاکستان میں بے روزگار پی ۔ایچ ۔ ڈی ڈاکٹرز کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئی








