سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شہری حکومت کا شہری کے خلاف پلاٹ کی ملکیت کے کیس کی سماعت کے دوران شہری حکومت کے وکیل کے مہلت طلب کرنے پر چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ برہم ہو گئے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو فوری طلب کر لیا۔
عدالت نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو بھی فوری پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے عدالت کا مذاق بنایا ہوا ہے، کیس دائر کرتے ہیں تو چلایا کریں، 15 سال سے کیس دائر کیا ہوا ہے چلاتے کیوں نہیں؟ عدالت کا مذاق نہ بنائیں، بار بار التواء کی درخواست دے دیتے ہیں، شہری حکومت کا سربراہ کون ہے؟
بیرسٹر فروغ نسیم نے جواب دیا کہ میئر کراچی سربراہ ہوتا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ کون ہے ابھی کراچی کا میئر؟
بیرسٹر فروغ نسیم نے جواب دیا کہ مرتضیٰ وہاب کراچی کے میئر ہیں۔
عدالتِ عظمیٰ نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو فوری پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ پلاٹ کی ملکیت سے متعلق شہری حکومت نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔
یادر رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کراچی رجسٹری میں آج سے جمعے تک 3 رکنی بینچ کی سربراہی کر رہے ہیں۔
بینچ کے دیگر ججز میں جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس نعیم اختر افغان شامل ہیں۔








