پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہاہےکہ ہمارے کسی کے ساتھ بھی نہ تو بیک ڈور رابطے ہیں نہ ہی فرنٹ ڈور روابط ہیں۔
گذشتہ چند روز سے ذرائع ابلاغ پر ایسی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے اسٹیبلشمنٹ سے ’بیک ڈور رابطے‘ جاری ہیں۔
’’ انڈپینڈنٹ اردو‘‘ سے گفتگوکرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان نے خود کہا ہے کہ نہ بانی پی ٹی آئی سے رابطہ ہوا ہے نہ ہی چیئرمین کے ساتھ۔ ہمارا اگر رابطہ ہوا تو ہم آپ سے ضرور بات کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے تو یہاں تک کہا ہے کہ میں کس چیز کے مذاکرات کروں۔ اگر مذاکرات کرنے ہوتے تو آٹھ فروری سے پہلے کرتے۔
گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ جو سیاسی جماعتیں ہیں ان سے اتحاد کے سلسلے میں ہماری گفتگو ہو رہی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف سمیت اپوزیشن کی چھ جماعتیں رواں ماہ ہی حکومت مخالف تحریک کا آغاز کر چکی ہیں۔
حکومت مخالف تحریک کا آغاز کرنے والے اپوزیشن اتحاد میں پاکستان تحریک انصاف، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل، جماعت اسلامی، مجلس وحدت المسلمین اور سنی اتحاد شامل ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے کہا کہ ’ہمیں بی بی کی صحت اور سکیورٹی کے حوالے سے تشویش رہی ہے۔‘
گذشتہ روز بشریٰ بی بی کی طبیعت کے حوالے سے بعض پی ٹی آئی رہنماؤں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغامات میں تشویش کا اظہار کیا تھا۔
اس حوالے سے گوہر علی خان نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کے ہاتھ اور سینے میں تھوڑی تکلیف تھی۔ ڈاکٹروں نے انہیں پہلے ہی کہا تھا کہ آپ کی جو حالت سے ہمیں لگ رہا ہے کہ خدانخواستہ یہ ہارٹ اٹیک کی طرف جا رہی ہے۔








