اسلام آباد: سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاہے کہ آئین کے تحفظ اور سر بلندی کے لئے اپنی عظیم خدمات گنوانے کی خاطر پی ٹی آئی کو کسی سیمینار کی ضرورت نہیں۔اپنے ایک ٹویٹ میں عرفان صدیقی نے کہاکہ مشرف مارشل لا کا خیر مقدم، اس کے ریفرنڈم کا ہراول دستہ بننا،ریڈ زون میں چار ماہ کا دھرنا، پارلیمنٹ،پی ٹی وی، وزیراعظم ہاؤس اور سرکاری دفاتر پر حملے، انتخابات میں چند جرنیلوں کے ذریعے اقتدار میں آنا،سیاسی مخالفین کے خلاف منشیات سے لے کر غداری اور کرایہ داری تک کے مقدمات بنانا،ججوں کے خلاف ریفرنس دائر کرنا، فوج کو اپنی سہولت کاری کے لئے استعمال کرنا، عدم اعتماد کی تحریک پر اسمبلی توڑ دینا ، قومی رازوں کو سیاسی مفاد کا کھلونا بنانااور 9 مئی کو فوجی تنصیبات اور شہدا کے مزاروں پر حملے، پی ٹی آئی کی آئین سے محبت کی چند مثالیں ہیں۔








