اسلام آباد(ممتازنیوز )پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ نومئی عوام اور ریاست کے درمیان ٹکراؤ کی سازش کا دن تھا اور اس ٹکراو کا آغاز 2014 میں پارلیمنٹ کے سامنے سونامی دھرنے سے کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک جماعت کی عدم استحکام کی چالوں نے نہ صرف ملکی معیشت کو برباد کیا بلکہ سی پیک جیسے پروگرام کو بھی سبوتاژ کیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ نومئی نفرت، تشدد اور انتشار کی سیاست کا نکتہ انتہا تھا اور اس دن شہدا کی یادگاروں سمیت سیکیورٹی تنصیبات کو ملک دشمن عناصر کی طرح نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس رویے کے برعکس پیپلز پارٹی کے محبوب قائدین کی جانیں چلی گئیں مگر پیپلز پارٹی نے وطن کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دی۔انہوں نے کہا کہ تیزی سے ترقی کرتی ہوئی دنیا میں تشدد، انتشار اور نفرت کی سیاست کی کوئی جگہ نہیں اور سونامی پارٹی کو بھی جلد یا بدیر تشدد کی سیاست ترک کر کے پر امن سیاست کا آغاز کرنا ہوگا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ امریکہ نے بھی تشدد پسند سیاسی عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا اور پھر انہیں قانون و انصاف کی کے مطابق سزائیں بھی سنائی گئیں۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ یہ بات قابل افسوس ہے کہ ایک جماعت نے اپنے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا اور وہ اب بھی دھونس اورہٹ دھرمی کی سیاست پر گامزن ہیں۔
نومئی نفرت، تشدد اور انتشار کی سیاست کا نکتہ انتہا تھا،خورشیدشاہ








