راولپنڈی( شیراز حسین) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ایڈوکیٹ سہیل سلطان نے کہا ہے کہ مئی کا مہینہ ہمارے لئے خوشخبری کا مہینہ ہے، اس میں عمران خان جیل سے باہر آجائیں گے، نو مئی کے بعد کافی دباؤ تھا لیکن ڈٹا رہا اورعمران خان کے نظریے پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ پیر کواڈیالہ جیل کے باہر’’ روزنامہ ممتاز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سوات سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی ایڈوکیٹ سہیل سلطان نے کہا کہ عمران خان کے خلاف تمام کیسسز بے بنیاد ہے ان میں کوئی جان نہیں ہے، مخالفین کی کوشش ہے کہ یہ ٹرائلز کو کسی طرح تاخیر کا شکار کریں تاکہ سابق وزیراعظم عمران خان زیادہ عرصے تک جیل میں ہی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اورعمران خان کبھی عوام کو مایوس نہیں کرے گا، وہ پاکستان کی خاطرجیل میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس عدالتی حکم موجود ہوتاہے لیکن اس کے باوجود ہمیں عمران خان سے ملنے کی اجازت نہیں دی جاتی جوعدالتی حکم ور قانون کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ مراد سعید کی طرف سے شروع کئے گئے منصوبوں کو سوات عوام کیلئے جلد ازجلد پورا کروں ، جن لوگوں نے مجھے منتخب کیا ہے ان کو کبھی مایوس نہیں کروں گا۔
عمران خان اسی ماہ جیل سے باہر آجائیں گے، ایم این اے سہیل سلطان کادعویٰ








