اسلام آباد(طارق محمودسمیر)وزیردفاع خواجہ محمدآصف اور پاکستان کے پہلے فوجی آمرفیلڈ مارشل ایوب خان کے پوتے اپوزیشن لیڈراور سیکرٹری جنرل تحریک انصاف عمر ایوب خان کے درمیان ان دنوں قومی اسمبلی میں لفظی جاری ہے،جس میںآئین کومنسوخ کرنے اور مارشل لا ء لگانے والوں کو سزادینے کی بات ہورہی ہے،تاہم صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب وزیردفاع نے ایوب خان کو جعلی فیلڈ مارشل کہہ کر مخاطب کیااور یہ بات کہہ دی کہ اگر آئین توڑنے اور مارشل لاء لگانے پر کارروائی شروع کرنی ہے تو سب سے پہلے ایوب خان کی لاش کو قبر سے نکال کر آرٹیکل 6 لگایاجائے ،خواجہ آصف نے جنرل ضیاء الحق کی حمایت کرنے پر معافی مانگی اور کہاکہ وہ کئی مرتبہ پہلے بھی ایوان میں فوجی آمرکی حمایت کرنے پر معافی مانگ چکے ہیں،ویسے ان دنوں معافی مانگنے اور معافی منگوانے کی باتیں ہورہی ہیں، پہلے ڈی جی آئی ایس پی آر نے تحریک انصاف کی قیادت کو سانحہ نومئی پر معافی مانگنے کی بات کی تو عمران خان اور اپوزیشن جماعتیں یہ کہہ رہی ہیں کہ ہم فوجی قیادت سے کیوں معافی مانگیں بلکہ ان سے معافی مانگی جائے ،عمرایوب خان نے ایک دلچسپ انکشاف کیاہے ان کاکہنا ہے کہ ان کے داداایوب خان کے بھائی سردار بہادر خان کی سفارش پر خواجہ آصف کو یونائیٹڈ بینک میں بھرتی کیاگیاتھا اور جب تک خواجہ آصف میرے دادا کیبارے میں اداکئے گئے غلط ریمارکس واپس نہیں لیتے ہم ایوان میں احتجاج کرتے رہیں گے،اگر تاریخ میں جایاجائے تو پاکستان میں مارشل لاء لگانے کی داغ بیل ایوب خان نے ڈالی تھی اور عمرایوب یہ کہتے ہیں کہ سکندرمرزا نے مارشل لاء لگایاتھا،ایوب خان کے دورمیں پاکستان میں صنعتی ترقی تو ضرورہوئی ،بانی پاکستان قائداعظم کی ہمشیرہ فاطمہ جناح کے ساتھ جو سلوک کیاگیا وہ بھی ہماری تاریخ کا ایک بدنماداغ ہے انہیں الیکشن میں ہروایاگیااور صدارت لی گئی ،ایوب خان کے دور میں ہی مشرقی پاکستان میں حالات خراب ہونے کاآغازہوااور اس کی انتہاء ملکی تاریخ کے متنازع ترین فوجی آمرجنرل یحیٰ خان کے دورمیں ہوئی جب عوامی مینڈیٹ تسلیم نہیں کیاگیااور پاکستان دولخت ہوگیا،ماضی کو کریدنے کے بجائے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، تحریک انصاف کے اندرشیرافضل مروت کو کافی حد تک سائیڈ لائن کردیاگیاہے اور سپیکرکو تحریری طور پر شیخ وقاص اکرم کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کی درخواست دے دی گئی ہے،شیرافضل مروت نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر دیئے گئے شوکاز نوٹس کا جواب دے دیاہے،عمرایوب کاکہناہیکہ وہ یہ جواب لے کر جلد عمران خان کے پاس اڈیالہ جیل جائیں گے اور جو بھی فیصلہ عمران خان کریں گے اس پر عمل کیاجائے گا،تحریک انصاف میں پارلیمانی لیڈرکاایک نیاتنازع بھی کھڑاہوگیاہے، جس میں زین قریشی کے بجائے صاحبزادہ محبوب سلطان کو پارلیمانی لیڈر بنانے کی تجویزآئی ہے اس پر پارٹی کی سیاسی کمیٹی کااجلاس بلایاجائے گا جس میں ووٹنگ کے ذریعے فیصلہ ہوگا،زین قریشی شاہ محمودقریشی کے صاحبزادے ہیں اور شاہ محمود عمران خان کا ساتھ دینے کے باعث جیل میں ہیں ان پر سائفر کے کیس کے علاوہ دیگرکئی مقدمات قائم ہیں ،زین قریشی کو اس لئے پارلیمانی لیڈر بنایاگیاتھا کہ شاہ محمودقریشی کی قربانیوں کو سراہاجائے مگراب تحریک انصاف کی قیاد ت ایک اور یوٹرن لینے جارہی ہے جو کسی بھی طور پر مناسب نہیں ،صاحبزداہ محبوب سلطان ایک زمانے میں ق لیگ اور ن لیگ میں رہے ،اس الیکشن میں فیصل صالح حیات کو شکست دی ،دوسری جانب اسلام آبادہائیکورٹ کے جج جسٹس بابر ستار نے چیف جسٹس عامر فاروق کو ایک نیاخط لکھاہے جس میں انہوں نے انکشاف کیاہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے انہیں پیغام دیاگیاکہ آڈیولیکس کیس سے پیچھے ہٹ جاؤ،سوشل میڈیاپر بھی مہم چلاکربدنام کیاجارہاہے،ابھی چھ ججزکے خط کا معاملہ پہلے ہی سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے اور بابر ستار کی طرف سے نیاخط لکھ دیاگیاہے اٹارنی جنرل منصور اعوان کا اپنے ردعمل میں کہناہیکہ اس خط میں غلط تاثر دیاگیاہے کہ ہائی کورٹ میں کوئی مداخلت کی گئی ہے،صرف اتنی درخواست کی گئی تھی کہ اس سارے کیس کی سماعت ان کیمرہ کی جائے جس کو غلط رنگ دیاگیاحالانکہ ان کیمرہ کی درخواست سکیورٹی صورتحال کے باعث کی گئی تھی ،بہرحال جو بھی ہورہاہے افسوسناک ہے اداروں کے درمیان کسی صورت میں ٹکراؤملکی مفاد میں نہیں ہے اور ایک دوسرے کو سپیس دے کر ہی ملکی معاملات کو بہتر انداز میں چلایاجاسکتاہے،کچھ ریاستی معاملات بڑے حساس ہوتے ہیں اگر ان کی سماعت اوپن کی جائے تو مسائل بھی پیداہوتے ہیں جس کا ادراک کیاجاناچاہئے۔
جسٹس بابرستارکاخط ، مداخلت معاملہ مزیدالجھ گیا








