بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

غیر ملکی سفیر کو خفیہ دستاویزات فراہم کرنے پر پولیس کے اے ایس آئی کو 3سال سزا

اسلام آباد:آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت نے غیر ملکی سفیر کو خفیہ دستاویزات فراہم کرنے کا جرم ثابت ہونے پر اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی ظہور احمد کو تین سال قید کی سزا سنائی دی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی ظہور احمد کوغیر ملکی سفیر کو خفیہ دستاویزات فراہم کرنے کا جرم ثابت ہونے پر آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت نے تین سال سزا کی قید سنا دی۔ ظہور احمد کو کمرہ عدالت سے گرفتار بھی کرلیا گیا۔
آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نےمجرم اے ایس آئی ظہور احمد کوتین سال کی سزا سنائی ہے اے ایس آئی ظہور احمد کے خلاف 13دسمبر2021 کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 2021 میں ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی وِنگ نے غیر ملکی سفارتکار سے حساس معلومات کا تبادلہ کرنے والے اسلام آباد پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو گرفتار کیا تھا، ملزم گولڑہ پولیس اسٹیشن میں بطور اے ایس آئی تعینات تھا اور ایجنسی اس کی نگرانی کر رہی تھی۔
ملزم کو خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا تھا، ایف آئی اے کو خبر موصول ہوئی تھی کہ ملزم میٹرو بس اسٹیشن جناح ایونیو پر غیر ملکی سفارتکار سے ملے گا اور معلومات اور اس سے متعلق دستاویزات فراہم کرے گا، جو کہ ملک مخالف عمل ہے۔
اطلاع کے ردعمل میں ایف آئی اے نے انسداد دہشت گردی وِنگ کے عہدیداران پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی، ٹیم جیسے ہی موقع پر پہنچی تو انہیں معلوم ہوا کہ غیر ملکی سفارتکار نے اے ایس آئی کو کالے شیشوں والی گاڑی میں بٹھایا۔
ٹیم نے اسی علاقے میں پولیس اہلکار کا انتظار کیا، کچھ وقت بعد کار واپس آئی اور اے ایس آئی کو گاڑی سے اتار دیا جہاں سے انہیں حراست میں لے لیا گیا۔
اے ایس آئی سے دو موبائل فون، بٹوا، 50 ہزار روپے سے بھرا ایک لفافہ اور یو ایس بیز برآمد کی گئیں جبکہ افسران کے وضاحت طلب کرنے پر ملزم مطمئن کرنے میں ناکام رہا۔
حکام کا کہنا تھا کہ اے ایس آئی نے انکشاف کیا کہ اس نے غیر ملکی سفارتکار سے رقم لے کر اسے خفیہ معلومات اور دستاویزات فراہم کی ہیں۔
ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ انہوں نے اے ایس آئی کو حراست میں لیا ہے اور ملزم کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
ایف آئی اے نے پولیس کو یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ تفتیش کے دوران تمام قانونی ضوابط مکمل کریں گے، پولیس نے بھی تحقیقات میں مکمل تعاون فراہم کیا تھا۔
بعد ازاں جنوری 2022 میں ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی کی عدالت نے ایک لاکھ روپے مالیت مچلکوں کے عوض ظہور احمد کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی تھی۔