اسلام آباد(ممتاز نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندر کوئی بحران نہیں ہے ، ملکی معیشت بہتر ہورہی ہے ، تمام سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ میں موجود ہیں ، اپوزیشن کی ایک بڑی جماعت کی خیبرپختونخوا میں حکومت ہے ، اداروں کے درمیان مفاہمت کے معاملے پر رانا ثناء اللہ نے جو بیان دیا ہے اس کی تفصیلات کا علم نہیں ، میاں نوازشریف نے پارٹی اجلاس سے خطاب میں جو باتیں کیں ہیں سب درست ہیں باقی اہم باتیں وہ 28 مئی کو کریں گے ۔ نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ رانا ثناء اللہ ن لیگ کے مرکزی رہنما ہیں اور وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر بھی ہیں ، صدر مملکت کو وزیراعظم کی ایڈوائس بجھوا کر اداروں کے درمیان غلط فہمیاں دور کرانے سے متعلق ان کا بیان اہم ہے ، مجھے ذاتی طور پر اس بیان سے زیادہ تفصیلات کا علم نہیں ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ملک میں کوئی بحران ہے ، آزاد کشمیر کے اندر عوام کے جائز مطالبات کےلئے وہ سڑکوں پر آئے اور وزیراعظم نے فوری طور پر مطالبات تسلیم کئے ، صورتحال بہتر ہوچکی ہے ، پاکستان کے اندر کوئی بحران نہیں ہے ،اگر دیکھا جائے تو تمام سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ کے اندر موجود ہیں ، اسپیکر سے لیکر صدر اور وزیراعظم کے الیکشن میں اپوزیشن نے بھرپور حصہ لیا جس کا واضح مطلب ہے کہ وہ نظام کا حصہ ہیں اور ایک صوبے خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت ہے اس کے وزیراعلیٰ جو مرضی بیان بازی کرتے رہیں لیکن وہ سسٹم کا حصہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ معیشت بہتر ہورہی ہے ، شہبازشریف کی قیادت میں حکومت غربت اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ آج پارٹی اجلاس میں نوازشریف نے ماضی میں اپنی حکومت گرائے جانے کے معاملے پر جو باتیں کی ہیں وہ سب درست ہیں ،دو مرتبہ آئین توڑنے والے پرویز مشرف کو ہم ایک دن بھی جیل نہیں بجھوا سکے ،آئندہ بھی سازش کرنے والوں کے خلاف پتہ نہیں کچھ کرسکیں گے کہ نہیں لیکن نوازشریف نے حقیقت بیان کی ہے اور وہ 28 مئی کو مرکزی جنرل کونسل اجلاس میں بھی اہم باتیں کریں گے ۔
پاکستان کے اندر کوئی بحران نہیں ،ملکی معیشت بہتر ہورہی ہے ، سینیٹر عرفان صدیقی








