بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نواز شریف کی ’’مجھے کیوں نکالا‘‘کابیانیہ دوبارہ بنانےکی کوشش

اسلام آباد(طارق محمود سمیر) مسلم لیگ (ن ) کے قائد میاں محمد نوازشریف نے8 فروری کے الیکشن کے بعد پہلی مرتبہ ایک حکمت عملی کے تحت مجھے کیوں نکالا اور سازشی عناصر کا بیانیہ دوبارہ بنانے کا عمل شروع کردیا ہے ، پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے میاں نوازشریف نے اہم خطاب کیا جس میں انہوں نے تین مرتبہ اپنی حکومت مختلف سازشوں کے ذریعے ختم کئے جانے کے حوالے دیے اور یہ شکوہ بھی کیا کہ سازش کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیںکی گئی ، نوازشریف کا یہ خطاب بہت دیر سے ہوا ہے ،اگر یہی بیانیہ میاں نوازشریف 8 فروری کے الیکشن سے پہلے برقرار رکھتے اور اس پر ڈٹے رہتے تو 8 فروری کے الیکشن کے نتائج مختلف ہوتے ، نہ فارم 47 کا کوئی تنازع کھڑا ہوتا اور شاید نہ ہی شہبازشریف وزیراعظم ہوتے بلکہ وہ خود پاکستان کی قیادت کر رہے ہوتے مگر اس وقت وزیراعظم شہبازشریف ہوں یا پارٹی کے دیگر سینئر رہنما انہوں نے نوازشریف کو اپنے بیانیہ سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا جس کا انہیں الیکشن میں بہت نقصان ہوا ، 8 فروری سے پہلے یہ تاثر بھی بن گیا تھا کہ ہماری تو بات ہوگئی ہے جس کی وجہ سے ن لیگ کا کارکن بھی اس طرح سے باہر نہیں آیا جیسے ماضی میں نکلا تھا بہر حال میاں نوازشریف کی باڈی لینگوئج پر اعتماد تھی اور انہوں نے فی البدیہ خطاب کیا کسی سپیچ رائٹر کی لکھی ہوئی تقریر نہیں پڑھی حالانکہ انہیں تین اہم شخصیات جن میں عرفان صدیقی اور پرویز رشید بھی شامل ہیں ، تقریر کے نکات بنا کر دیے تھے ، جہاں تک میاں نوازشریف کا یہ کہنا کہ وہ 2013 کے الیکشن کے بعد بنی گالہ گئے تھے درست بات ہے اور اس ملاقات کا اہتمام سابق وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے کیا تھا اور بنی گالہ کی سڑک بھی 15 دن میں تعمیرکرو اکے دی گئی لیکن بعد میں لندن سازش تیارکی گئی جس کے مرکزی کردار سابق ڈی جی آئی ایس آئی ظہیر الاسلام ہیں اور ان کے آلہ کار عمران خان ، طاہر القادری اور چودھری پرویز الٰہی بنے لیکن آپ کے پاس 2017 تک اقتدار موجود رہا نہ تو آپ نے سابق ڈی جی آئی ایس ائی کے خلاف کوئی کارروائی کی اور نہ پارلیمنٹ ہائوس پر حملہ کرنے پر طاہر القادری اور عمران خان گرفتار ہوئے ، چودھری نثار نے پنجاب ہائوس میں ظہیر الاسلام کی خدمات پر انہیں سوینئر پیش کیا جس پر نوازشریف ناراض ہوئے اور حج سے واپسی پر ظہیر الاسلام وزیراعظم ہائوس گئے نوازشریف سے ملاقات کر کے کہا کہ دوران حج انہوں نے حکومت کی کامیابی کیلئے دعا کی ہے ، آب زم زم اور کھجوریں بھی تحفے میں دیں پھر نوازشریف نے ثاقب نثار ، جسٹس اعجاز الاحسن اور مظاہر علی نقوی کا بھی ذکر کیا ، ثاقب نثار کو کس کے کہنے پر سیکرٹری قانون اور بعد ازاں ہائیکورٹ کا جج بنایا گیا یہ بات بھی نوازشریف صاحب کو قوم کو بتانی چاہیے ، ثاقب نثار کی آڈیو گفتگو کا حوالہ بھی دیا گیا ہے اور نوازشریف نے پہلی مرتبہ یہ بات کی ہے کہ ایک ایسی آڈیو ان کے پاس محفوظ ہے جس میں ثاقب نثار یہ کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کو لانا ہے ، نوازشریف اور مریم کو جیل میں رکھنا ہے ، مظاہر نقوی کے خلاف نیب حرکت میں آئے،اعجاز الاحسن مانیٹرنگ جج تھے وہ چیف جسٹس نہیں بنے کیوں استعفیٰ دے گئے ، شوکت عزیز صدیقی کا بھی حوالہ دیا گیا کہ ان کے پاس فیض حمید نے جا کر کہا کہ نوازشریف اور مریم کو باہر نہیں آنا چاہیے یہ سب باتیں اپنی جگہ درست ہوں گی لیکن سوال یہ بنتا ہے کہ اب تک ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی ، ایک تو آئین کے آرٹیکل 68 کے تحت دیکھا جائے تو جج کے کنڈکٹ اور پاک فوج پر پارلیمنٹ کے اندر بھی بات نہیں کی جاسکتی ، 1973 سے یہ قانون بنا ہوا ہے کسی حکمران یا پارلیمنٹ کو چاہیے وہ نوازشریف ہوں یا عمران خان اس بات کا خیال نہیں آیا کہ اس قانون میں ترمیم کر لیں ہاں البتہ ججز کو یہ استثنیٰ حاصل ہوتا ہے کہ وہ بطور جج اگر کوئی فیصلہ کر بھی لیں تو ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوسکتی ، نوازشریف شکوے شکایت کرنے کی بجائے اپنی بھائی جنہیں وہ اب ن لیگ کا وزیراعظم کہتے ہیں انہیں حکم جاری کریں کہ آئین اور قانون میں کچھ ایسی ترامیم کی جائیں کہ اگر کوئی اسٹیبلشمنٹ سے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتا ہے یا کوئی جج غلط اور غیر قانونی سزا سناتا ہے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکے صرف باتیں کرنے سے حالات کبھی نہیں بدلیں گے ۔ نوازشریف نے قوم سے شکوہ کیا ہے کہ جب انہیں اقتدار سے نکالا گیا تو قوم اس طرح سے باہر نہیں ٓآئی جیسے آنا چاہیے تھا اس کی دو وجوہات ہیں ایک ن لیگ مضبوط بیانیہ بنانے میں ناکام رہی ، ن لیگ کے اندر اس وقت دو بیانیے چل رہے تھے ایک ووٹ کو عزت دو اور دوسرا شہبازشریف کی سوچ کا بیانیہ تھا جبکہ عمران خان کو عدم اعتمادکے ذریعے آئینی طریقے سے نکالا گیا لیکن وہ غلط یا صحیح اینٹی اسٹیبلمشنٹ اور اینٹی امریکا بیانیہ بنانے میں کامیاب ہوئے جس سے ان کی سیاست پر گرفت مضبوط ہوئی اور ووٹ بینک میں بھی اضافہ ہوا ۔ مولانا فضل الرحمان کا میاں نوازشریف نے بہت احترام سے ذکر کیا اور کہا کہ وہ ان کے اچھے دوست ہیں ان سے دلی لگائو اور تعلق ہے اس وقت مولانا فضل الرحمان کی پالیسی مختلف ہے اور وہ عمران خان کے قریب ہوتے جا رہے ہیں ، ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کرنے کیلئے اگر تمام سیاسی قوتیں ایک ایسا لائحہ عمل بنا لیں کہ کسی بھی ادارے کی مداخلت مستقبل میں بند کرائی جاسکے جو بظاہر مشکل لیکن ناممکن نظر نہیں آتا، مولانا فضل الرحمان کی وہ بھی تعریف کر رہے ہیں جو انہیں ڈیزل کہہ کر مخاطب کرتے تھے تو ثابت ہوا کہ مولانا فضل الرحمان وہ واحد سیاسی شخصیت ہیں جن کی نوازشریف اور عمران خان تعریفیں کر رہے ہیں اور مولانا فضل الرحمان ہی کوئی مفاہمتی کردارادا کرسکتے ہیں ۔