کرغزستان سے مزید 170 پاکستانی طلبہ کا تیسرا گروپ لاہور پہنچ گیا، گزشتہ روز بھی 2 پروازیں اسٹوڈنٹس کو لے کر پاکستان آئی تھیں۔ وسط ایشیائی ریاست سے لاہور آنے والے طلبہ کی تعداد 475 ہوگئی۔
طلبہ کی واپسی پر ان کے عزیز و اقارب کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پرموجود تھی، گزشتہ شب بھی 175 پاکستانی طلبہ بشکیک سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تھے جبکہ 100 سے زیادہ طلباء اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے۔
اسلام آباد
گزشتہ روز ہی کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک سے ایک پرواز پاکستانی طلبہ کو لے کر اسلام آباد پہنچی تھی۔
اس حوالے سے ایوی ایشن ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرغزستان میں پھنسے پاکستانی طلباء کے کو واپس لے کر خصوصی پرواز اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئی۔
اسلام آباد پہنچنے والے طلباء کو خوش آمدید کہنے کے لیے وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک موجود تھے۔
بشکیک سے اسلام آباد آنے والی پرواز شام 7 بج کر 45 منٹ پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچی، پرواز اے کے این 4575 میں 140 مسافروں کو لایا گیا۔
پرواز میں 100 سے زائد طلبہ اسلام آباد پہنچے ہیں، اسلام آباد ایئرپورٹ پر طلباء کے اہلخانہ اور عزیز و اقارب بھی موجود تھے۔
لاہور
دوسری جانب خصوصی طیارہ بشکیک سے پاکستانی طلباء سمیت دیگر 180مسافروں کو لے کر لاہور ایئرپورٹ پہنچ گیا۔
بشکیک سے پرواز کے اے 6571 لاہور ایئرپورٹ پہنچ گئی، بشکیک سے طلباء سمیت کل 180 مسافروں کو لے کر پرواز کو شام 7 بجے لاہور پہنچنا تھا لیکن تکنیکی مسائل کے باعث تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے لاہور ایئرپورٹ پر بشکیک سے واپس آنے والے طلباء کا استقبال کیا۔ اور انہیں خوش آمدید کہا۔
ادھر بیشکیک سے آنے والے زخمی طلباء کے لیے ایمبولینس بھی لاہور ائیر پورٹ پر موجود ہیں، زخمی طلباء کو موقع پر طبعی امداد دی جائے گی۔
لاہور ایئرپورٹ پر ریسکیو اہلکار بھی تعینات ہیں جبکہ طلباء کے والدین بھی ایئرپورٹ پر موجود ہیں۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ ہمارے بچے اپنی مدد آپ کے تحت واپس آرہے ہیں، حکومت نے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے۔
عطاء تارڑ
اس موقع پر وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہاکہ حکومت پاکستان کرغزستان کی حکومت سے رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہاکہ طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ اور کھانے کا انتظام کیا گیا ہے، لاہور اور اسلام آباد ایئر پورٹس پر طلباء کی واپسی کے لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔
عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ کرغزستان میں ہمارے سفیر طلبہ سے مسلسل رابطے میں ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایئر پورٹس پر طلباء کی واپسی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ طلباء کے تحفظات دور کیے جائیں گے اور بحفاظت گھر پہنچایا جائے گا۔
واضح رہے کہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں مقامی اور غیرملکی طلبہ کے درمیان ہنگامہ آرائی ہوئی جس کی زد میں پاکستانی طلباء بھی آگئے۔
گزشتہ روز بھی ایک پرواز بشکیک سے لاہور ایئرپورٹ پر پہنچی تھی جس میں 30 پاکستانی طلباء کی واپسی ہوئی تھی۔








