پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر اپنی روپوشی ختم کرتے ہوئے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق حماد اظہر گزشتہ سال 9 مئی کے بعد سے روپوش تھے اور اب تقریباً ایک سال بعد منظرعام پر آئے ہیں۔
اس موقع پر حماد اظہر نے کہا کہ کل مجھے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پیغام موصول ہوا کہ اب آپ کے باہر آنے کا وقت ہوگیا ہے اور یہاں سے پشاور جاکر قبل ازگرفتاری ضمانت لے کرعدالت پیش ہوں گا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے مجھے کہا گیا تھا کہ تم پر تشدد ہو گا اس لیے روپوش ہو جاؤ لیکن اب روپوشی ختم کردی ۔
حماد اظہر کا مزید کہنا تھا کہ مراد سعید سمیت اب پارٹی کے تمام روپوش رہنما باہر آئیں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ میں رؤف حسن سے ملنے کے لیے آیا، ان پر حملے کی مذمت کرتے ہیں اور ہم کسی صورت نہیں جھکیں گے۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ میں یہاں سے پہلے عبوری ضمانت کے لیے پشاور ہائیکورٹ اور پھر پنجاب کی عدالتوں میں جاؤں گا اور اس کے بعد معاملہ اللہ پر چھوڑ دوں گا۔
جب حماد اظہر سے سوال کیا گیا کہ کیا ان کے ساتھ سیکیورٹی گارڈ یا پروٹوکول تھا تو انہوں نے اس کا نفی میں جواب دیا۔
دوسری جانب روپوش پی ٹی آئی رہنما رہنماء حماد اظہر کے منظر عام پر آتے ہی اسلام آباد پولیس حرکت میں آگئی۔
پولیس اہلکار حماد اظہر کو گرفتار کرنے کے لیے پی ٹی آئی سیکریٹریٹ پہنچ گئے۔ اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ حماد اظہر کی گرفتاری کے لیے پہنچےہیں۔
حماد اظہر پولیس اہلکاروں کے پہنچنے سے قبل ہی پشاور روانہ ہوگئے جبکہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے سیکرٹریٹ اسٹاف سے پوچھ گچھ کی گئی۔
واضح رہے کہ سانحہ 9 مئی کے بعد حماد اظہر کے خلاف بھی دہشت گردی اور مختلف الزامات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں اور وہ کافی عرصے سے روپوش تھے۔
وہ 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں لاہور کے حلقہ این اے۔129 سے امیدوار تھے لیکن بعد میں الیکشن سے دستبردار ہوگئے تھے۔
حماد اظہرایک سال بعد منظرعام پرآگئے








