اسلام آباد(طارق محمود سمیر)پاکستان میں اربوں ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کیلئے سیاسی اور فوجی قیادت نہ صرف متحد ہوگئی ہے بلکہ تحریک انصاف نے بھی غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کردیا ہے ، وزیراعظم شہبازشریف کی صدارت میں ایس آئی ایف سی کا اہم اجلاس
منعقد ہوا جس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ ،وفاقی وزراء ،آرمی چیف اور دیگر سینئر فوجی اور سول حکام شریک ہوئے ۔اجلاس میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی شرکت دو حوالوں سے اہمیت کی حامل تھی ایک تو ابتدائی مرحلے میں انہیں اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی تھی اور گزشتہ رات انہیں دعوت نامہ بجھوایا گیا ،وزیراعظم نے اپنے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حالیہ دوروں اور دونوں ممالک کی طرف سے سرمایہ کاری کیلئے دی جانے والی یقین دہانی سے متعلق آگاہ کیا اور اپنے مخصوص انداز میں چار مرتبہ شبانہ روز محنت کا تذکرہ کیا جس پر شرکاء زیر لب مسکراتے رہے ، وزیراعظم نے جہاں ایس آئی ایف سی کے کردار کو سراہا ،یہ بھی کہا کہ جو اس پر تنقید کرتے تھے اب اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آرہی ہے اور ان کی زبانوں کو تالہ لگ گیا ہے ، عسکری قیادت کی تعریف کی اور صوبائی حکومتوں کیساتھ مل کر سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر بات کی گئی ، یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ پاکستان کے اندر معیشت کو مستحکم بنانے کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ،سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی طرف سے سرمایہ کاری کی یقین دہانی اور اسے جلد عملی جامہ پہنانا پاکستانی معیشت کیلئے مثبت خبریں ہیں اوراسی لئے اسٹاک ایکسچینج 76ہزار پوائنٹس کے نئے ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہوئی ہے ،دوسری جانب پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف نئے مقدمات بنانے کا فیصلہ کیا ہیجن میں اداروں کو نشانہ بنانے اور الزام تراشی کرنے کے الزامات عائد کئے جارہے ہیں ، عمران خان گزشتہ دو سال سے مختلف مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں ، تین مقدمات میں انہیں سزائیں بھی ہوچکی ہیں ، اڈیالہ جیل میں قید کاٹ کر رہے ہیں دیکھتے ہیں پنجاب حکومت اب کیسے آگے بڑھتی ہے ، دوسری جانب مولانا فضل الرحمان اور عمران خان کے درمیان لواسٹوری ایک نئے مرحلے میں داخل ہورہی ہے ،مولاناجو کبھی نوازشریف اور آصف زرداری کی آنکھوں کا تارا بنے ہوئے تھے اور دونوں جماعتوں نے مولانا کی اسٹریٹ پاور کا خوب فائدہ اٹھایا اب وہی عمران خان جو انہیں ڈیزل کہہ کر مخاطب کرتے تھے مولانا کی مدرسوں کے طلباء کی اسٹریٹ پاور سے فائدہ اٹھا کر ایک ایسی تحریک چلانا چاہتے ہیں جس کے نتیجے میں حکومت کا خاتمہ ہو اور اسٹیبلشمنٹ پر اتنا دبائو پڑے کہ وہ عمران خان سے مذاکرات اور ڈیل کرنے پر مجبور ہو جائیں ،عدلیہ اور حکومت کے درمیان جو کشیدگی جاری ہے اس کے خاتمے کیلئے بیک ڈور کوششیں ہو رہی ہیں آئندہ چند روز میں اچھی خبروں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ، ایک دن ججز سخت ریمارکس دیتے ہیں تو اگلے دن پارلیمنٹ میں جوابی تقریر ہوتی ہے ، وزیراعظم شہبازشریف فکر مند ہیں اور اس کشیدگی کا خاتمہ چاہتے ہیں اور اس بارے میں انہوں نے اپنے وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور سیاسی امور کے مشیر رانا ثناء اللہ سے بھی مشاورت کی ہے ،رانا ثناء اللہ کا بڑا واضح موقف ہے کہ عدلیہ کیساتھ حکومت کا مقابلہ نہیں بنتا اور نہ ایسا مقابلہ کرنا چاہیے وہ کہتے ہیں کہ وزیراعظم فکر مند ہیں، کشیدگی ختم ہونی چاہیے ، ہوسکتا ہے وہ صدر کو مصالحت کا کردار ادا کرنے کیلئے کوئی ایڈوائس بھیجیں ، رانا ثناء اللہ کا یہ بھی واضح موقف ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر پریس کانفرنس میں کھل کر کہہ چکے ہیں کہ تحریک انصاف کے فوج سے مذاکرات نہیں ہوسکتے ،سیاسی جماعتیں آپس میں مذاکرات کریں ، اب یہ تحریک انصاف پر منحصر ہے کہ وہ کب مذاکرات کیلئے ہم سے سنجیدہ رویہ اپناتی ہے ،پشاور میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف کے پی اسمبلی کے رکن فضل الٰہی کی قیادت میں پی ٹی آئی کے حامیوں نے گرڈ اسٹیشن کا کنٹرول سنبھالا، 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ پر احتجاج کیا، موصوف فضل الٰہی خود دو گرڈ اسٹیشنز سے اپنے گھر کیلئے بجلی حاصل کر رہے ہیں اور پیسکو کمپنی کی بجلی چوری اور لائن لاسز پاکستان میں دیگر علاقوں میں سب سے زیادہ ہے جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ 20 گھنٹے رکھی گئی اور یہ سلسلہ اب سے نہیں تحریک انصاف کے دور حکومت سے چل رہا ہے ، فضل الٰہی نے تحریک انصاف کے دور حکومت میں بھی احتجاج کیا تھا اور عمران خان کی ہدایت پر ان کے خلاف پرچہ درج ہوا تھا ، ان علاقوں میں 80 فیصد بجلی چوری کی جاتی ہے ، کنڈا سسٹم ہے اور اس بجلی چوری کے بل ان علاقوں کیصارفین دیتے ہیں جہاں لائن لاسز پانچ سے دس فیصد ہیں لہذا اس طرح کے احتجاج کو لیڈ کرنے والی سیاسی رہنمائوں کو چاہیے کہ بجلی چوری روکنے اور بلوں کی وصولی یقینی بنانے کیلئے تعاون کریں تاکہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوسکے ۔
ایس آئی ایف سی ،سیاسی وعسکری قیادت سرمایہ کاری یقینی بنانےکے لیے متحد








