لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )کمانڈر لاہور پولیس سہیل چوہدری نے شہریوں کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کچھ لوگ امن کو تباہ کرنے کےلئے بظاہر پرامن کال دے کر احتجاج کر رہے ہیں لیکن عملاًوہ خونی احتجاج کر رہے ہیں ،رات کو ہمارے ایک کانسٹیبل کی شہادت ہوئی ہے جسے جتھہ بردار لوگوں نے گولی مار کر شہید کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ کوئی پر امن احتجاج نہیں ہے ،ان لوگوں نے آپ کے بچوں کو کہیں چھپایا ہوا ہے اور کسی جگہ پر پناہ لی ہوئی ہے اور تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ان تمام کی لوکیشنز کا پتہ ہے۔سہیل چودھری نے کہا کہ ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کے مستقبل کو دائو پر مت لگائیں انہیں واپس اپنے گھروں میں بلائیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ کوئی احتجاج نہیں ہے کہ آپ لوگوں خصوصاًقانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانیں لیں۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کا مستقبل مت تباہ کریں ،نوجوان نسل سے بھی میری دردمندانہ اپیل ہے کہ وہ پاکستان خصوصاً لاہور شہر کے امن کو بچانے کےلئے ہماری مدد کریں ،اگر کسی جگہ نقص عامہ کا مسئلہ پیش آتا ہے تو ہمیں ضرور بتائیں ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں دفعہ144نافذ ہے، جو شخص بھی قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہوگی ۔
کچھ لوگ خونی احتجاج کر رہے ہیں ،اپنے بچوں کو استعمال نہ ہونے دیں ،کمانڈرلاہور پولیس کی عوام سے اپیل








