بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 وفاقی حکومت نے دونئے آرڈیننس جاری کردیئے

اسلام آباد(طارق محمودسمیر) وفاقی حکومت نے دونئے آرڈیننس جاری کردیئے ہیں،نیب آرڈیننس میں ترمیم کرکے ملزم کے ریمانڈکی مدت 14دن سے بڑھاکر40دن کردی گئی ہے جب کہ الیکشن ایکٹ میں ٹربیونلزکے ججز کی تقرری کی شق میں بھی اہم ترمیم کی گئی ہے جس کے تحت اب ریٹائرڈ ججزکو بھی الیکشن ٹریبونلزکاججز مقررکیاجاسکے گا۔تفصیلات کے مطابق نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت زیر حراست ملزم کا ریمانڈ 14دن سے بڑھاکر40 دن جبکہ بدنیتی پر مشتمل نیب ریفرنس بنانے پر سزا 5سال سے کم کر کیے 2 سال کر دی گئی۔۔ قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر دونوں آرڈیننسز کی منظوری دے دی ۔ وفاقی حکومت نے الیکشن ایکٹ اور نیب ایکٹ میں ترامیم سے متعلق دو آرڈیننسز جا ری کر دیئے ۔ قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے وزارت قانون کی جانب سے بجھوائے گئے دونوں آرڈیننسز کی منظوری د ی۔نئے الیکشن کمیشن آرڈیننس کے زریعے الیکشن ایکٹ2023میں ترمیم کی گئی جس کے تحت الیکشن ٹریبونل کے قیام سے متعلق قانون میں ترمیم کی گئی ۔آرڈیننس کے تحت حاضر سروس کے ساتھ ریٹائرڈ جج میں ا نتخابی عزرداریوں سے متعلق الیکشن ٹریبونل کا حصہ ہوں گے۔آرڈیننس کے تحت الیکشن ٹریبونل میں ہائی کورٹ کے حاضر سروس ججزکے علاوہ ریٹائرڈججز بھی تعینات کیے جاسکیں گے ۔سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق پی ڈی ایم دورحکومت میں جب نیب آرڈیننس میں ترامیم کی گئیں تو زیرحراست ملز م کے ریمانڈکی مدت نوے روز سے کم کرکے 14دن کردی گئی تھی اور ن لیگ ،پیپلزپارٹی کے رہنماوں کا موقف تھاکہ تحریک انصاف کے دور میں صدرآصف زرداری ،وزیراعظم شہبازشریف ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز،سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی،سابق وزیرخزانہ مفتاح اسمعیل ،وزیردفاع خواجہ آصف اور وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال سمیت دیگر رہنماوں کو جب گرفتارکیاگیاتوانہیں نوے روز تک ریمانڈپررکھاگیااور اس وقت احتساب عدالت کو بھی ضمانت دینے کااختیارنہیں تھاپی ڈی ایم دورمیں یہ ترمیم کی گئی تھی کہ احتساب عدالت کا جج بھی کسی ملزم کی ضمانت لے سکتا ہے،نیب آرڈیننس میں ترمیم کے تحت احتساب عدالت کے جج کے اختیار کو کم نہیں کیاگیا،تجزیہ نگاروں کے مطابق تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان جو190ملین نیب ریفرنس میں ملزم ہیں اور اس کی جیل میں سماعت بھی جاری ہے نیب نے حال ہی میں توشہ خانہ سے قیمتی اشیاء فروخت کرنے کاایک نیاریفرنس بھی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف تیارکیاہے ،نئے آرڈیننس کے اجراء کے بعد اگر توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری ہوتی ہے تو قانون کے تحت انہیں 40دن تک نیب کی تحویل میں رکھاجاسکے گاجب کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم بھی خصوصی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ تحریک انصاف کے رہنماوں کی بڑی تعداد نے 8فروری کے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ٹریبونلز سے رجوع کررکھاہے اور اسلام آبادہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق محمودجہانگیرجوالیکشن ٹربیونل کے سربراہ  ہیں، تحریک انصاف کے امیدواروں علی بخاری ایڈووکیٹ،شعیب شاہین ایڈووکیٹ اور عامرمغل نے ن لیگ کے کامیاب امیدواروں طارق فضل چودھری ،انجم عقیل اور راجہ خرم نواز کے خلاف دھاندلی کے الزامات پر سماعت کررہے ہیں اور عدالت نے ن لیگ کے رہنماوں اور ریٹرننگ افسروں کو عدالت میں پیش کرنے کے لئے اشتہارات بھی جاری کرنے کاحکم دیاہے اور آج 28مئی کو ہائیکورٹ میں الیکشن ٹریبونل میں اسلام آبادکے تینوں حلقوں کے کیس کی سماعت بھی ہے۔