بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اپوزیشن رہنماؤں سے قبائلی مشران جرگہ کی ملاقات،قومی اسمبلی میں قبائل عوام کے لیے بھرپور آواز اٹھانے کا عزم

اسلام آباد : جنوبی وزیرستان کے قبائلی مشران جرگہ کی اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان سمیت اپوزیشن راہنماؤں سے ملاقات ہوئی
ملاقات میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی، تحریک کے ترجمان اخونزدہ حسین یوسفزئی اور جنوبی وزیرستان سے رکن صوبائی اسمبلی آصف خان بھی شریک ہوئے۔
جنوبی وزیرستان کے وزیر اور محسود قبیلے کے مشران جرگہ نے مشترکہ طور پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کی۔
ملاقات میں مشران جرگہ نے انگور اڈا بارڈر بند ہونے کے باعث مسائل سے تفصیلی طور پر قائدین کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ باڈر کے آر اور پار قبائل کی رشتے داریاں ہیں بارڈر بند کرنے سے آمدورفت پر پابندی لگانے سے مسائل میں اضافہ ہوگا۔جنوبی وزیرستان کے محسود قبائل کے مشران نے کہا کہ گزشتہ 8 سال سے وعدہ کرکے معاوضہ نہیں دیا گیا۔80 ہزار سے زائد معاوضے کے لیے ٹوکن جاری کیے مگر آج تک رقم نہیں دی گئی۔ہمارا ایک نکاتی ایجنڈہ ہے کہ ہمیں ہمارے نقصان کا معاوضہ دیا جائے۔مشران نے کہا کہ ہماری آواز کہیں نہیں سنی جارہی امید ہے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ممبران اسمبلی کی فلور پر ہماری آواز اٹھائیں گے، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ممبران کو فاٹا دورے کی دعوت دیتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے جرگے مشران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام کے تمام مسائل حل کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے،معاملہ قومی اسمبلی اور وزارت داخلہ کے سامنے رکھیں گے۔ یہ پاکستان کے محب وطن عوام کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔ حکومت کو قبائلی اضلاع کے عوام کے مطالبات کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔اگر مسائل حل نہ ہوئے تو عوام کا ریاست سے اعتماد اٹھ جائے گا۔
اس موقع پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اسد قیصر نے غلام خان بارڈرز کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اسپیشل کمیٹی تشکیل دی۔قبائلی اضلاع کے عوام کے مسائل کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھاؤں گا۔عوام کے لیے رکاوٹیں کھڑی کرنے سے معاشی ترقی رکے گی بیروزگاری میں اضافہ ہوگا۔ قبائلی اضلاع کے عوام کی پاکستان کے لیے قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ قبائلی اضلاع کے عوام کے مسائل کا حل کرنا ہم پر فرض بھی ہے اور قرض بھی ہے۔ اگر مسائل حل نہ کیے گئے تو سڑکوں پر آئیں گے۔
جرگے کے مشران سے تحریک تحفظ آئین پاکستان سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے، ہم کسی کے خلاف نہیں ہیں،قبائلیوں نے اس ملک کیلئے لازوال قربانیاں دی ہے،ہم اس جرگے کے تمام مطالبات سے متفق ہیں، قبائلیوں کے حقوق کیلئے اسمبلی اور اسمبلی سے باہر جدوجہد کریں گے۔ ممبر صوبائی اسمبلی آصف خان
2004 سے فاٹا میں آپریشن شروع ہے،2006 سے ہم در بدر ہیں، قبائلی عوام نے پاکستان کیلئے لازوال قربانیاں دی،اجلاس میں قبائلی مشران جرگہ کی طرف سے دو قرار داد پیش کی متقفہ طور پر منظور کی گئی۔