بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کاججزمخالف بیان،محاذآرائی بڑھنے کاخدشہ

اسلام آباد(طارق محمودسمیر)پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کے 26سال مکمل ہونے پر جہاں یوم تکبیرملک بھرمیں جوش وجذبے کے ساتھ منایاگیااور سرکاری سطح پر اس دن کومناکرمسلم لیگ(ن)کے دوبارہ منتخب ہونے والے صدرمیاں نوازشریف کی طرف سے عالمی دباؤمستردکرکے پاکستان کوایٹمی قوت بنانے کے جرات مندانہ اقدامکی یاد تازہ کرائی گئی ہے ،میاں نوازشریف نے اپنے خطاب میں ثاقب نثار ،جنرل(ر))ظہیرالاسلام ،عمران خان اور دیگرکرداروں کا ایک مرتبہ پھر کھل کرذکرکیامگر وزیراعظم شہبازشریف جوہمیشہ اپنے جذبا ت کوکنٹرول میں رکھ کر تقریراور بیان بازی کرتے ہیں ،مگرمسلم لیگ ن کے جنرل کونسل اجلاس میں انہوں نے عدلیہ اور حکومت کے درمیان کشیدگی کاجن الفاظ میں تذکرہ کیااس سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ عدلیہ کے بعض ججز سے متعلق حکومت کی کیارائے ہے،وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے خطاب میں کہاکہ عدلیہ میں موجود ججوں کی اکثریت ایسی ہے جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی چاہتی ہے مگر چند کالی بھیڑیں عمران خان کے ساتھ ملی ہوئی ہیں، آج یہ مشورے ہورہے ہیں کہ کیسے عمران خان کے سارے کیسز ختم کیے جائیں۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ عمران خان کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے آچکا ہے، یہ وہ شخص ہے جو پاک فوج کو بدنام کررہا ہے،یہ بڑی اہم بات ہے جو وزیراعظم کی طرف کی گئی ہے اور انہوں نے کالی بھیڑوں کالفظ سوچ سمجھ کرہی استعمال کیاہوگایہ تاثر عام ہے کہ عدلیہ کے بعض ججز پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے مقدمات کو فوری ختم کرنے میں بڑی دلچسپی لے رہے ہیں اور مقدمات کے سماعت کے دوران بھی بعض ایسے ریمارکس دیئے جاتے ہیں جن سے یہ تاثر مضبوط ہوتاہے ،ماضی کو دیکھاجائے تو جب بھی عدلیہ اور حکومتوں کی لڑائی ہوئی تو اس کا نقصان سیاسی شخصیت کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بھی بھگتناپڑا،جسٹس(ر)فتخارچوہدری نے سیدیوسف رضاگیلانی کو نااہل کیاتو ثاقب نثاراور ان کے ساتھیوں نے نوازشریف کو نہ صرف پارلیمانی اقتدار سے نکالابلکہ ان پر پارٹی کی صدارت پربھی تاحیات پابندی لگائی اور آج ثاقب نثار کے فیصلے کو ن لیگ کے کارکنوں نے ردی کی ٹوکری میں ڈال دیاہے،میاں نوازشریف چھ سال بعد دوبارہ پارٹی صدربننے کے بعد پرجوش اور پراعتماد دکھائی دیئے ،انہوں نے اپنی ماضی کی حکومتوں کے کارنامے یادکروائے جن میں ان کے تین ،چاربڑے کارنامے ہیں جن میں ایک بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں ایٹمی دھماکے کرنا،دوسرا پاکستان میں موٹرویزکاجال بچھانا،تیسرا دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کامیاب اقدامات اور چوتھاان کااہم کارنامہ پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے سی پیک منصوبہ لے کرآناہے،نوازشریف کے ان کارناموں کی تعریف تو ان کے سیاسی دشمن بھی کرنے پر مجبورہوتے ہیں،لندن منصوبے کا ایک بارپھرتذکرہ کیاگیاہے اورنوازشریف نے اپنی بات کو ثابت کرنے کیلئے ماضی میں عمران خان اور طاہرالقادری کے قریب رہنے والے سینئراینکر مبشرلقمان کی گفتگو کا بھی حوالہ دیاہے جس میں وہ انکشاف کرچکے ہیں کہ نوازشریف کو ہٹانے کے لئے لندن منصوبہ ان کی موجودگی میں بنایاگیاپھرنوازشریف نے بحریہ ٹاون کے مالک ملک ریاض کا نام لئے بغیر یہ کہاکہ دھرنے کے دوران جنرل (ر)ظہیرالاسلام نے ایک شخص کے ذریعے انہیں پیغام بھجوایاکہ وہ استعفیٰ دے دیں تو میں نے پیغام لانے والے بندے کے ذریعے کہلوایاکہ نوازشریف نے پہلے استعفیٰ دیانہ اب دے گا،نوازشریف کی یہ بات بالکل درست ہے ،اس کی تصدیق اسحاق ڈار ،خواجہ آصف سمیت دیگرکئی اہم شخصیات کرچکی ہیں ،ملک ریاض جو آج کل انقلابی بننے کی کوشش کررہے ہیں وہ ماضی میں ایک منتخب وزیراعظم کو اقتدار ہٹانے کے کھیل کاحصہ رہے ہیں،عمران خان کے متعلق نوازشریف کھل کر بولے ہیں اورانہوں نے عمران خان کو چیلنج دیاہے کہ ہم سے بات چیت کرنے سے پہلے یہ بات مانیں کہ انہیں ظہیرالاسلام نے تیسری قوت کے طورپر میدان میں اتاراتھااور ان کے ساتھیوں کی مدد سے ہی 2018 کے الیکشن میں دھاندلی کروا کروہ اقتدار میں آئے،عمران خان ،میاں نوازشریف اور وزیراعظم شہبازشریف کے ذہنوں پر سوار ہیں اور دونوں نے عمران خان نے طرز سیاست اور اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے اقتدار میں آنے پر انہیں تنقید کانشانہ بنایا،نوازشریف کو آج اپنے پرانے ساتھیوں کی بہت یادآئی ،انہوں نے اپنے خطاب میں سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کا بھی نام لیااورکہاکہ ہمارے دوست شاہدخاقان عباسی نے 1999اور2018کے بعد دوبار جیل کاٹی ،جراتمندی کا مظاہرہ کیا،اف تک نہیں کی،میاں نوازشریف نے اسی اثنامیں خواجہ آصف ،احسن اقبال ،خواجہ سعد رفیق ،مریم نواز،حمزہ شہباز،حنیف عباسی اور فواد حسن فواد کے علاوہ مفتاح اسماعیل کے نام بھی لئے جنہیں پی ٹی آئی کے دورمیں قید وبندکی صعوبتیں کاٹناپڑیں،اس وقت سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ نوازشریف پارٹی کا دوبارہ صدربن کر ن لیگی ووٹرکوکس طرح متحرک کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں اور کون ساایسابیانیہ بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے جوعوام میں مقبولیت حاصل کریاور عمران خان کے بیانیے کاتوڑثابت ہوسکے۔