بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لانگ مارچ، پی ٹی آئی کو جلسے کیلئے متبادل جگہ فراہم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ نے عمران خان کے لانگ مارچ کے باعث راستوں کی بندش اور چھاپوں کیخلاف کیس میں چیف کمشنر کو پی ٹی آئی جلسے کے لیے متبادل جگہ فراہم کرکے رپورٹ کرنے کا کہہ دیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سپریم کورٹ میں عمران خان کے لانگ مارچ کے باعث راستوں کی بندش اور چھاپوں کیخلاف کیس کی سماعت کر رہا ہے۔

سپریم کورٹ میں جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس میں چیف کمشنر کو حکم دیا کہ پلان ترتیب کرکے لائیں کہ جلسہ کہاں ہوگا اور ٹریفک پلان کیا ہوگا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ پی ٹی آئی کو متبادل جگہ کی پیش کش کریں اور اس پر مذاکرات کے بعد عدالت کو آگاہ کریں۔

اس موقع پر درخواست کی سماعت میں 2:30 بجے تک کا وقفہ دے دیا گیا۔

اس سے قبل کیس کی سماعت میں سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو حکومت سے ہدایت لینے کی اجازت دی، سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر، کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو طلب کرلیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ بنیادی طور پر حکومت کاروبار زندگی ہی بند کرنا چاہ رہی ہے کیا ہر احتجاج پر پورا ملک بند کر دیا جائے گا؟

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ اسلام اباد میں تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ، اسکول اور ٹرانسپورٹ بند ہے، معاشی لحاظ سے ملک نازک دور اور دیوالیہ ہونے کے درپے ہے۔

جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ سپریم کورٹ کا آدھا عملہ راستے بند ہونے کی وجہ سے پہنچ نہیں سکا، اسکولوں کی بندش اور امتحانات ملتوی ہونے کے سرکاری نوٹیفکیشن جاری ہوئے ہیں۔

اس موقع پر سپریم کورٹ نے سماعت میں سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر، کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو طلب کرلیا، جبکہ وفاقی اور صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو بھی بلالیا گیا ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کیس کی سماعت میں 12 بجے تک وقفہ دے دیا۔