اسلام آباد (صغیر چوہدری ) وفاقی پولیس نے ویتنامی سفیر کی اہلیہ گمشدگی واقعہ کے بعد نیا ایس او پی بنالیا ، شہر کے تمام رہائشی سیکٹرز میں قیام پذیر سفیروں کی رہائش گاہوں پر لگے سی سی ٹی کیمروں کی چیکنگ کی گئی اور متعلقہ پولیس کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ وقتاً فوقتا ًان کیمروں کو چیک کرتے رہیں جبکہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے بھی ایسے حساس مقامات کی چوبیس گھنٹے نگرانی کو یقینی بنانے کا کہا گیا جبکہ رہائش گاہوں پر مامور سکیورٹی گارڈز کو بھی بریفنگ دی گئی ہے جنہیں پولیس مختلف اوقات میں خود چیک کرے گی ۔ اسلام آباد کے چار بڑے سیکٹرز ایف ایٹ ۔ایف سکس ۔ایف سیون اور ای سیون میں مختلف سفارت خانوں کے سفیر اپنی فیملیوں سمیت رہائش پذیر ہیں جن میں سے اکثر نے پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز رکھے ہوئے ہیں جبکہ بعض کو پولیس اور ایف سی کے سرکاری گارڈز مہیا کئے گئے ہیں ۔
اسی طرح مختلف سفارت خانوں کے لئے پولیس کی سکیورٹی ڈویژن سے فوکل پرسن بھی تعینات ہیں ، سفیروں کی رہائش گاہوں پر تعینات تمام سرکاری اور پرائیویٹ گارڈز کو بریفنگ دیتے ہوئے پابند بنایا گیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر معمولی واقعہ کی صورت میں فوری متعلقہ تھانے یا ریسکیو 15 کو آگاہ کریں گے ۔ سفرا ء کو بھی درخواست کی گئی ہے کہ جب وہ وفد کی صورت میں کسی دوسری جگہ نقل و حرکت کریں تو پولیس کے فوکل پرسن اور لائزن افیس کے ذریعے مقامی پولیس کو لازمی آگاہ رکھیں تاکہ انکی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے ۔
سفیروں کی رہائش گاہوں کے آس پاس پڑوسیوں کو بھی تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ گھروں کے باہر سی سی ٹی وی کیمروں کی انسٹالیشن کو یقینی بنائیں کیونکہ پولیس نے ویتنام سفیر کی اہلیہ کا پتا لگانے کے لئے پڑوس کے گھروں سے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد لی تھی جو اسے تلاش کرنے میں کافی معاون ثابت ہوئی تھی جس سے خاتون کی گھر سے ایف نائن پارک کی طرف ڈائریکشن معلوم کی گئی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ویتنام کے سفیر نے تھانہ مارگلہ کو تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے کہ چونکہ اسکی گمشدہ اہلیہ کو پولیس نے بازیاب کرکے بحفاظت اسکے حوالے کردیا ہے اس لئے اب وہ مزید کوئی قانونی کاروائی نہیں کروانا چاہتا جبکہ پولیس نے بھی ضابطے کی کاروائی کے بعد اسے کلوز کردیا ہے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ویتنام کے سفیر کی گمشدہ اہلیہ کی صرف چند گھنٹوں میں بازیابی کسی معجزے سے کم نہیں جس میں آئی جی علی ناصر رضوی اور ڈی آئی جی آپریشن علی رضا کی خصوصی دلچسپی بھی شامل ہے کیونکہ اسکی بازیابی سے دنیا بھر میں اسلام آباد پولیس کا ایک اچھا امیج سامنے آیا ہے بصورت دیگر تاخیر کی صورت میں پاکستان کو تنقید کا سامنا بھی ہوسکتا تھا جسے پولیس نے پیشہ وارانہ انداز میں ہینڈل کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی بھی براہ راست اس واقعے کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ لے رہے تھے اور مختلف ہدایات بھی جاری کررہے تھے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس اور سفارت خانوں کے مابین کوآرڈی نیشن کو مزید بڑھایا جارہا ہے جس کے لئے پولیس کے سیکیورٹی ڈویژن کو مزید متحرک کرلیا۔
اسلام آبادمیں مقیم غیرملکی سفیروں ، ان کے اہلخانہ کی سکیورٹی کیلئے نیاایس اوپی تیار








